Urdu book · اظہارِ دین

فائنل اظہار

Urdu book, p. 193

By Maulana Wahiduddin Khan

اس کے بعد یہ ہوا کہ جون 2008 میں سخت گرمی کی وجہ سے فورنیا کے ان وسیع جنگلوں میں آگ لگ گئی۔ حکومت کی تمام کوششوں کے باوجود آگ پھیلتی گئی، یہاں تک کہ یہ آگ دریا کو پار (jump) کرکے پیراڈائز ٹاؤن میں داخل ہوگئی۔ 10 جولائی 2008 تک اس ٹاؤن کے 75 مکانات جل کر تباہ ہو چکے تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ گھبراہٹ میں ٹاؤن کو چھوڑ کر بھاگنے لگے۔ اس واقعے کی خبر میڈیا میں آچکی ہے۔ نئی دہلی کے انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیا (11 جولائی 2008) میں اس واقعے کی رپورٹ حسب ذیل عنوان کے تحت شائع ہوئی ہے: California fires spark evacuation (p. 23). آگ لگنے کی یہ خبر اسی پیراڈائز نامی ٹاؤن کے بارے میں ہے۔ اس خبر کا عنوان زیادہ درست طور پر یہ ہونا چاہیے ــــ انسانی ساخت کی مادی جنت میں آگ: Fire in man-made paradise امریکا کے پیراڈائز نامی ٹاؤن میں جو آگ لگی ہے، وہی آگ اس وقت ساری دنیا میں لگی ہوئی ہے اور وہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اس عالمی آگ کا نام گلوبل وارمنگ (global warming) ہے۔ یہ صورتِ حال، دنیا کی آخری تباہی سے پہلے پیش آنے والی ابتدائی تباہی ہے۔ یہ دنیا کے خاتمہ سے پہلے اُس کے خاتمہ کا آتشیں اعلان ہے۔ یہ جہنم سے پہلے جہنم کا پیشگی رمانڈر ہے۔ یہ صورتِ حال بتا رہی ہے کہ کاؤنٹ ڈاؤن (count down) آخری سے پہلے کی گنتی (last but one) تک پہنچ چکا ہے۔ خدا نے دنیا کو دو دوروں میں تقسیم کیا تھا ــــ قیامت سے پہلے کا دور، اور قیامت کے بعد کا دور۔ انسانیت کا قافلہ لمبے سفر کے بعد قیامت سے پہلے کے دور کی آخری شام تک پہنچ چکا۔ اس کے بعد جو چیز پیش آنے والی ہے، وہ قیامت کے بعد کی صبح ہے۔ آنے والے اس اگلے دن میں لوگ اپنے عمل کا انجام پائیں گے۔ اس کے بعد کچھ لوگوں کے لیے ابدی جنت ہوگی اور کچھ لوگوں کے لیے ابدی جہنم۔ کامیاب وہ ہے جو ابدی جنت (eternal paradise) میں جگہ پائے، اور ناکام وہ ہے جو جہنم کے ابدی گڑھے (eternal hell) میں ڈال دیا جائے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page