Urdu book · کامیاب خاندانی زندگی

کامیاب خاندانی زندگی

Urdu book, p. 24

By Maulana Wahiduddin Khan

بحث چھیڑی ہوئی تھی کہ عورت کا درجہ انسانی زندگی میں کیا ہے۔ اس معاملے میں لوگ اپنے سابق ذہنی نقشے کی بنا پر صرف دو باتیں جانتے تھے ۔ صنفی تسکین اور بقاءِ نسل ۔ قرآن میں بتایا گیا کہ اس قسم کے پہلوؤں سے زیادہ اہم پہلو یہ ہے کہ عورت تمہارے لیے اپنی زندگی کی تعمیر میں ایک معاون کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس لیے تم کو چاہیے کہ تم اپنی اس فطری معاون کا بھر پور استعمال کرو اور اس کو اپنی تکمیل حیات کا ذریعہ بناؤ۔ عورت کا اس سے کم کوئی تصور عورت کا کم تر تصور ہے۔ نکاح کی صورت میں عورت اور مرد کی یک جائی اس لیے ہوتی ہے، تا کہ دونوں وسیع تر انسانیت کی تعمیر میں اپنا مشترک رول ادا کریں۔ زوجین کے درمیان کامل مطابقت ایک عورت اور ایک مرد جب نکاح کے بعد ایک دوسرے کے ساتھی بنتے ہیں تو یہ اجتماع ساری کائنات کا سب سے زیادہ انوکھا واقعہ ہوتا ہے۔ وسیع کائنات میں ان گنت چیزیں ہیں۔ یہاں کی اکثر چیزیں جوڑے(pair) کی صورت میں ہیں، مگر کسی بھی دو چیز کے درمیان وہ کامل مطابقت(complete compatibility) نہیں جو عورت اور مرد کے درمیان پائی جاتی ہے۔ جب ایک عورت اور ایک مرد جیون ساتھی بن کر ایک دوسرے سے ملتے ہیں تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دونوں شعوری منصوبے کے تحت ایک دوسرے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ زوجین کے درمیان یہ شعور اگر زندہ ہو تو دونوں ایک دوسرے کو پا کر شکر کے جذبات میں سرشار ہو جائیں ۔ دونوں اہتزاز (thrill) کے درجے میں ایک دوسرے کو اپنے لیے نعمت سمجھیں ۔ یہ اہتزاز اتنا زیادہ طاقت ور ہو جو کبھی ان سے جدا نہ ہو۔ دونوں ایک ساتھ اس طرح رہیں جیسے کہ دونوں کو ان کی سب سے زیادہ محبوب چیز مل گئی ہو۔ دونوں آخری حد تک مثبت احساس میں جینے لگیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page