Urdu book · کامیاب خاندانی زندگی

کامیاب خاندانی زندگی

Urdu book, p. 58

By Maulana Wahiduddin Khan

صرف یہ ہے کہ غصے کو کنٹرول نہ کر کے اس کو مزید برائی تک پہنچنے دیا جائے۔ نفسیاتی اعتبار سے غصہ صرف ایک وقتی اشتعال کا معاملہ ہے۔ اشتعال ایک غیر معتدل حالت کا نام ہے۔ یہ ایک ایسی آگ ہے جو وقتی طور پر بھڑکتی ہے اور اس کے بعد بہت جلد وہ بجھ جاتی ہے، بشرطیکہ اس کو مزید بھڑکایا نہ جائے۔ آدمی اگر اس حقیقت کو جانے تو اس کا غصہ کبھی کسی مستقل فساد کا سبب نہ بنے۔ غصہ گویا ایک نفسیاتی آگ ہے۔ غصہ اچانک کسی بات پر بھڑک اٹھتا ہے، لیکن نفسیاتی اعتبار سے غصے کی زندگی صرف تھوڑی دیر کے لیے ہوتی ہے۔ غصہ آنے کے وقت اگر آپ چپ رہیں اور اس کا جواب دینے کے بجائے غصے کے مقام سے ہٹ جائیں تو بہت جلد آپ دیکھیں گے کہ آپ کا غصہ اندر ہی اندر ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ اب آپ اسی طرح ایک نارمل انسان بن گئے ہیں، جیسا کہ آپ غصے سے پہلے ایک نارمل انسان تھے۔ غصے (anger) کا فطری اصول یہ ہے کہ وہ کچھ دیر کے لیے بھڑکتا ہے اور پھر اپنے آپ بجھنا شروع ہو جاتا ہے۔ اگر غصہ کرنے والا فوری طور پر خاموشی اختیار کر لے اور اپنے ذہن کو دوسری طرف موڑ دے تو اس کے بعد انتہائی محرک ختم ہو جائے گا اور رفتہ رفتہ اپنے آپ معمول کی حالت قائم ہو جائے گی۔ سختی یا عزم ایک مغربی سفر میں میری ملاقات ایک مسیحی خاتون سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میرا شوہر سخت (stubborn) ہے۔ مجھے اس کے لیے کیا کرنا چاہیے۔ میں نے کہا کہ یہ کوئی حقیقی مسئلہ نہیں، یہ صرف سوچ کا مسئلہ ہے۔ آپ اپنی سوچ درست کر لیجیے اور پھر یہ مسئلہ اپنے آپ ختم ہو جائے گا۔ آپ یہ نہ سوچیے کہ آپ کا شوہر سخت ہے۔ سخت ایک منفی لفظ ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page