Urdu book · کامیاب خاندانی زندگی

کامیاب خاندانی زندگی

Urdu book, p. 93

By Maulana Wahiduddin Khan

وہ مطلوب اعلیٰ تک پہنچے بغیر ناکامی کے احساس کے ساتھ مر جائیں۔ عورت اور مرد دونوں کے لیے تعلیم نہایت ضروری ہے۔ اس معاملے میں کوئی بھی عذر قابل قبول نہیں۔ مشہور مقولہ اس معاملے میں پوری طرح صادق آتا ہے ـــ اگر تمہارے پاس ایک اچھا عذر رہے، تب بھی تم اس کو استعمال نہ کرو: If you have a good excuse, don't use it. تعلیم کی اہمیت صرف جاب کے لیے نہیں ہے، بلکہ اس کی اہمیت بہتر زندگی کی تعمیر کے لیے ہے۔ موجودہ زمانے میں تمام چیزوں کا تعلق علم اور تعلیم سے ہو گیا ہے۔ ایسی حالت میں کوئی عورت یا مرد اس کا تحمل نہیں کر سکتے کہ وہ تعلیم سے بے بہرہ رہ جائیں۔ کیوں کہ تعلیم سے بے بہرہ رہ جانا یہ معنی رکھتا ہے کہ ایسا شخص ایک حقیقی انسانی زندگی گزارنے کے قابل نہ ہو سکے۔ ہر آدمی ایک حیوان ہے۔ حیوانیت کے مقام سے اوپر اٹھا کر جو چیز اس کو انسان کے مقام تک پہنچاتی ہے، وہ تعلیم ہے۔ حیوان اور انسان کے درمیان جو چیز فرق کرتی ہے، وہ تعلیم ہے۔ تعلیم آدمی کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ اپنی شخصیت کے اندر چھپے ہوئے اعلیٰ امکانات کو بروئے کار لائے، وہ اپنے امکان (potential) کو واقعہ (actual) بنا سکے۔ یہ کام کبھی تعلیم کے بغیر انجام نہیں پاسکتا۔ تعلیم سے مراد پروفیشنل ایجوکیشن نہیں ہے، بلکہ حقیقی ایجوکیشن ہے۔ تعلیم سے مراد اپنے آپ کو علم و حکمت کی دنیا تک پہنچانا ہے۔ پروفیشنل ایجوکیشن کسی آدمی کو صرف جاب دیتی ہے، لیکن علم و حکمت کا حصول آدمی کو اعلیٰ مرتبہ انسانیت تک پہنچا دیتا ہے۔ عورت کا عظیم کردار انگریزی کا ایک مقولہ ہے ـــ ہر بڑے کام کے آغاز میں ایک عورت موجود ہوتی ہے: There is a woman at the beginning of all great things.

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page