اصلاح اعمال
Urdu book, p. 115
By Maulana Wahiduddin Khan
فرصتِ عمل زندگی میں اصل اہمیت فرصت عمل کی ہے ۔ فرصت عمل کو استعمال کرنے ہی کا نام عمل ہے۔ فرصت عمل یا مواقع عمل کو استعمال کر کے ہی کوئی فرد یا کوئی مجموعۂ افراد ترقی کی منزل تک پہنچتا ہے۔ اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ اس دنیا میں ترقی اور کامیابی کا نہیں۔ تاہم اس دنیا کے لیے خدا کا قانون یہ ہے کہ یہاں یسر کے ساتھ عُسر بھی ہمیشہ موجود ہے۔ چنانچہ یہاں فرصت عمل کے ساتھ موانع عمل بھی ساتھ ساتھ پائے جاتے ہیں۔ اس لیے یہاں فرصت عمل کو استعمال کرنے کے لیے صبر لازمی طور پر ضروری ہے۔ یعنی جو چیز بروقت قابل حصول نہیں ہے اس سے محرومی کو برداشت کرتے ہوئے قابلِ حصول پر قناعت کرنا اور اس کو حاصل کرنے کے لیے ہمہ تن مصروف ہو جانا ۔ اس صبر کے بغیر آدمی یہاں پانے والی چیز کو بھی نہیں پاسکتا۔ ناممکن پر وقتی صبر کرنے کے بعد ہی ایسا ہوتا ہے کہ آدمی ممکن کو حاصل کرنے میں اپنی ساری طاقت لگا سکے ۔ اس دنیا میں کچھ چیزوں کو صبر کے خانہ میں ڈالنا ہے اور کچھ چیزوں کو عمل کے خانہ میں ۔ اسی کا نام حکمت کار ہے۔ اگر آپ ایسا کریں کہ جس چیز کو صبر کے خانہ میں ڈالنا ہے اس کو عمل کے خانہ میں ڈال دیں تو آپ کبھی کامیابی کی منزل تک نہیں پہنچ سکتے۔ جیسا کہ عرض کیا گیا ، اس فرصتِ عمل کو پانے کی دو صورتیں ہیں ۔ اور دونوں کی نہایت اعلیٰ مثالیں اسلام کے دورِ اول کی تاریخ میں پائی جاتی ہیں۔ پہلی صورت کی واضح مثال کی دور میں ہے اور دوسری صورت کی واضح مثال مدنی دور میں ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader