Urdu book · کاروانِ ملّت

امن اور ترقی کی طرف

Urdu book, p. 105

By Maulana Wahiduddin Khan

مسلمانوں کے لئے اب بھی تعلیم، تجارت، زراعت، سماجی خدمت، وغیرہ شعبوں میں کام کرنے کے مواقع پوری طرح کھلے ہوئے ہیں۔ وہ ناموافق باتوں سے اعراض کرتے ہوئے ان تعمیری میدانوں میں سرگرم عمل ہوجائیں۔ یہ اگرچہ ان کے لئے ناقابل برداشت کو برداشت کرنے کے ہم معنی ہوگا۔ مگر اس دنیا میں کوئی بڑی کامیابی ہمیشہ ان لوگوں کو ملتی ہے جو اس اعلیٰ حوصلہ مندی کا ثبوت دیں۔ مسلمان اگر ایسا کریں تو یقینی طور پر یہ پیشین گوئی کی جاسکتی ہے کہ ۲۵ سال کے اندر اس ملک کی پوری تاریخ بدل جائے گی۔ ۱۰ دسمبر ۱۹۹۰ء میں جاپان ایئرلائنز کے جس جہاز کے ذریعہ سفر کرکے دہلی پہنچا، اس میں تقریباً تین سو مسافر تھے۔ ان میں بیشتر وہ لوگ تھے جن کو مہاجر (immigrants) کہا جاتا ہے۔ ان میں سے ہرایک خوشی اور خوش حالی کی تصویر بنا ہوا تھا۔ ایک شخص نے کہا: اگر ہم انڈیا میں ہوتے تو یہاں لڑائی جھگڑوں سے فرصت نہ ملتی۔ یہ خوش قسمتی کی بات تھی کہ حالات نے ہم کو امریکہ پہنچا دیا۔ وہاں ہم نے اتنی ترقی حاصل کرلی۔ مگر جیسا کہ اوپر عرض کیا گیا، یہ امریکہ کی بات نہیں بلکہ طریق کار کی بات ہے۔ لوگ امریکہ میں جو طریق کار اختیار کئے ہوئے ہیں، مسلمان اگر اس طریق کار کو اپنا لیں تو خود اسی ملک میں وہ ساری ترقیات حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد مسلمان اس ملک میں بھی عزت اور کامیابی کے وہ تمام مواقع پالیں گے جو اسی طریق کار کو اختیار کرنے کے نتیجہ میں امریکہ کے مہاجر لوگوں نے وہاں اپنے لئے حاصل کیا ہے۔ مزید یہ کہ یہ مسلمانوں کے لئے ملک کی ایک اعلیٰ خدمت کے ہم معنی ہے۔ مسلمان اگر اس طرز عمل کو اختیار کریں تو بالواسطہ طور پر وہ اس ملک کی عمومی ترقی کا ذریعہ بن جائیں گے۔ وہ ملکی ترقی کے اس دروازے کو کھول دیں گے جو باہمی جھگڑوں کے نتیجہ میں پچھلی نصف صدی سے عملاً بند پڑا ہوا ہے۔ قرآن میں زندگی کا ایک اہم اصول ان لفظوں میں بتایا گیا ہے کہ جو چیز لوگوں کو نفع دیتی ہے وہ زمین میں قیام حاصل کرتی ہے (الرعد ۱۴) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ نفع بخشی کی صفت ایسی تسخیری صفت ہے کہ جو لوگ اپنے اندر یہ صفت پیدا کرلیں وہ لازماً مضبوط اور مستحکم زندگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اب اگر مسلمان مذکورہ اصول پر عمل کریں تو اس کے بعد بہت جلد ایسا ہوگا کہ وہ اس ملک میں ایک نفع بخش گروہ کی حیثیت حاصل کرلیں گے۔ اور یہ قرآن کی گواہی ہے کہ جو لوگ کسی ملک میں نفع بخش

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page