Urdu book · کاروانِ ملّت

کامیابی کی شرط

Urdu book, p. 98

By Maulana Wahiduddin Khan

پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کو عرب میں جو غلبہ حاصل ہوا وہ جنگ کے ذریعہ نہیں، ہوا بلکہ دعوت کے ذریعہ ہوا۔ اسی دعوت کے بند دروازوں کو کھولنے کے لئے آپ نے یہ کیا کہ دشمن سے اس کی اپنی شرائط کی بنیاد پر صلح کرلی۔ صلح حدیبیہ تھی جس کو قرآن میں کھلی فتح (انا فتحنا لك فتحاً مبینا) کہا گیا ہے۔ صلح حدیبیہ اس بات کا ایک تاریخی ثبوت ہے کہ جنگ کے مقابلہ میں امن کی طاقت بہت زیادہ ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حدیبیہ کی ایک طرفہ صلح کے ذریعہ اسی عظیم حقیقت کا عملی مظاہرہ فرمایا، تاہم یہ کوئی سادہ بات نہیں۔ اس قسم کے ایک واقعہ کو ظہور میں لانے کے لیے صبر کی ضرورت ہے ، اور اس دنیا میں بلاشبہ صبر سے زیادہ مشکل قربانی اور کوئی نہیں۔ ایک وضاحت جب یہ کہا جائے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ بے تشدد طریقہ تھا اور آپ امن کی طاقت سے انقلاب لے آئے ۔ تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ آپ نے اپنی زندگی میں کبھی تشدد کا کوئی طریقہ وقتی یا استثنائی طور پر بھی اختیار نہیں کیا۔ اس قسم کے دوسرے بیانات کی طرح اس بیان کا مقصد بھی صرف آپ کے اصولی طریق کار کو بتانا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ نے اپنے طے کردہ معیار کے مطابق، بطور خود ہمیشہ اس اصول کو اپنے سامنے رکھا کہ آپ کو امن کی طاقتوں کے ذریعہ اپنے مطلوبہ انقلاب تک پہنچنا ہے۔ اپنے منصوبہ کی حد تک آپ نے ہمیشہ امن کے طریقوں ہی کو اولین ترجیح دی۔ اور آپ کی کامیابی بنیادی طور پر امن کی طاقتوں ہی کے استعمال کا نتیجہ تھی۔ کمیونزم کے پیش نظر بھی ایک انقلاب تھا۔ مگر کمیونزم نے بنیادی طور پر تشدد کو اپنا طریقہ قرار دیا۔ اس لیے اس نے دوسری ممکن تدبیروں کو نظر انداز کر کے تشدد کے ذریعہ اپنا مقصد حاصل کرنا چاہا۔ مثال کے طور پر کمیونسٹ لیڈر جوزف اسٹالن نے اپنے نظریہ کے مطابق، سوویت یونین کی زرعی زمینوں کو ریاستی فارم یا اجتماعی فارم (collective farm) بنانا چاہا۔ یہ ۳۵۔ ۱۹۳۰ کا واقعہ ہے ، اس مقصد کے لیے وہ زمینوں کی سرکاری خریداری اور تدریجی نفاذ کا طریقہ بھی اختیار کر سکتا تھا۔ مگر اس نے مسلح طاقت کا ذریعہ استعمال کیا۔ اس نے جبر و تشدد کے ذریعہ کسانوں سے زمینیں چھین لیں۔ اور جب انھوں نے مزاحمت کی تو کئی ملین کسانوں کو گولی کا نشانہ بنا دیا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page