Urdu book · خلیج ڈائری

پیش لفظ

Urdu book, p. 42

By Maulana Wahiduddin Khan

سعودی عرب کے شاہ فہد اور کویت کے امیر الصباح کی دعوت پر امریکہ اور دوسرے ۲۸ مغربی ملکوں کی فوجیں تقریباً پانچ لاکھ کی تعداد میں خلیج کے علاقہ میں جمع ہیں اور عراقی صدر صدام حسین کے خلاف تباہ کن جنگ میں مصروف ہیں۔ صدام نواز مسلمان ساری دنیا میں اس پر سخت اعتراض کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے مسلم اخبارات میں اس قسم کی سرخیاں نظر آتی ہیں : اسلام عیسائیت کی چوکھٹ پر۔ عرب حکمرانوں نے کافروں کو سر زمین حرم میں داخل کر دیا، وغیرہ۔ سعودی حلقہ اس بارہ میں مختلف نقطہ نظر رکھتا ہے۔ ریاض کے عربی ہفت روزہ الدعوة (۳۱ جنوری) میں اس سلسلہ میں الشیخ ابن باز کا فتویٰ چھپا تھا۔ اس میں انھوں نے کہا تھا کہ مسلم حکمرانوں کے لئے اس میں کوئی شرعی نقصان نہیں ہے کہ وہ غیر اسلامی حکومتوں سے مدد لیں جب کہ انھیں ایسی مدد کی ضرورت ہو (صفحہ ۶-۷)، الدعوة (۲۱ فروری) میں دوبارہ الشیخ ابن باز کا مفصل مضمون چھپا ہے۔ اس میں وہ لکھتے ہیں کہ غیر مسلموں سے مدد لینا جائز ہے جب کہ ظالم دشمن کو ہٹانے اور اس کو ہلاک کرنے اور بلاد اسلامی کو اس کے شر سے بچانے کے لئے ضروری ہو، خواہ وہ غیر مسلم یہودی ہو یا عیسائی یا بت پرست۔ (سوار کان المستعان بہ یہودیا او نصرانیا او وثنیا، صفحہ ۲۱) اصولی طور پر یہ بات درست ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوطالب، مطعم بن عدی، عبداللہ بن ارقط وغیرہ سے مدد لی اور یہ سب غیر مسلم تھے۔ الشیخ ابن باز نے جو دلیل دی ہے یہی دلیل ہندوستان کے علماء نے ۱۹۴۷ء کے پہلے دی تھی جب کہ انھوں نے تحریک حریت میں غیر مسلموں کو اپنے ساتھ لیا تھا۔ مگر سوال یہ ہے کہ اس کی کیا وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غیر مسلموں سے تعاون لیا تو اس کا نتیجہ اسلام کے غلبہ کی صورت میں نکلا۔ جب کہ علماء ہند کے تعاون کا نتیجہ اس کے برعکس برآمد ہوا۔ اسی طرح یقینی ہے کہ خلیج کی جنگ کا سب سے بڑا فائدہ اسرائیل اور مغربی طاقتوں کو پہنچے گا اور سب سے بڑا نقصان عراق کو اور پھر مختلف انداز میں ساری مسلم دنیا کو۔ مدد کس کے لئے مفید ہوگی، اس کا انحصار اس پر ہے کہ مدد لینے سے پہلے کس نے اپنی بنیاد بنائی ہے۔ دور اول کے مسلمان خود اپنی مضبوط بنیاد پر کھڑے ہوئے تھے ۔ اس لئے مدد کا فائدہ ان کے حصہ میں آیا۔ موجودہ مسلمانوں کی اپنی کوئی بنیاد نہیں، اس لئے مدد کا فائدہ بھی ان کو نہیں ملتا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page