Urdu book · خاندانی زندگی

خاندانی زندگی

Urdu book, p. 54

By Maulana Wahiduddin Khan

قیمت ادا کریں، ورنہ وہ فرضی طور پر اس منافقانہ بات کرنا بھی چھوڑ دیں۔ لاڈ پیار کا نقصان لڑکی کے والدین کی سوچ عام طور پر یہ ہوتی ہے کہ اُن کی لڑکی جب سسرال جائے گی تو وہاں اس کو گھر کے سب کام کرنے پڑیں گے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ اپنے یہاں وہ اپنی لڑکی سے کوئی کام نہ کرائیں۔ حالاں کہ جو لڑکی اپنے میکے میں کام نہ سیکھے یا کام کی عادی نہ بنے، وہ سُسرال پہنچتے ہی اچانک ایسی نہیں ہو جائے گی کہ وہ زور دار طور پر سارے کام کرنے لگے۔ والدین کا یہ طریقہ ایک جھوٹا لاڈ پیار ہے، وہ سچی محبت کا طریقہ نہیں۔ میں نے ایسے والدین دیکھے ہیں جو بچی کے پیدا ہوتے ہی اُس کے جہیز کا سامان تیار کرنے لگتے ہیں، مگر یہ صرف ایک نادانی ہے۔ تجربہ بتاتا ہے کہ کبھی کوئی جہیز لڑکی کی زندگی میں اس کے کام نہیں آتا۔ ہر جہیز صرف ایک وقتی نمائش ہے، وہ کسی بھی درجے میں لڑکی کی زندگی کی تعمیر کا کوئی ذریعہ نہیں۔ تعمیر کا تعلق تیاری سے ہے، نہ کہ نمائش سے۔ والدین کا اصل کام جہیز کی تیاری نہیں، بلکہ اُن کا اصل کام یہ ہے کہ وہ خود لڑکی کو تیار کریں۔ وہ اپنی لڑکی کو اعلیٰ تعلیم دلائیں۔ وہ اپنی لڑکی کی اچھی تربیت کریں۔ وہ اپنی لڑکی کو عملی زندگی کے آداب سکھائیں۔ وہ اپنی لڑکی کے اندر وہ دانش مندانہ مزاج پیدا کریں جو اجتماعی زندگی کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے۔ لاڈ پیار (pampering) ایک پورے کلچر کا نام ہے۔ اِس کا اظہار ہر

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page