Urdu book · خدا کی دریافت

خدا کی دریافت

Urdu book, p. 162

By Maulana Wahiduddin Khan

بلکہ خدا کا عقیدہ کائنات کو کامل طور پر با معنی' (meaningful) بنا دیتا ہے۔ خدا کو ماننے کا مطلب یہ ہے کہ با معنی کائنات ایک بے معنی انجام پر ختم ہو جائے۔ جب کہ خدا کو ماننا، یہ بتاتا ہے کہ کائنات آخر کار ایک با معنی انجام پر پہنچنے والی ہے۔ انسان کے اندر پیدائشی طور پر انصاف اور بے انصافی کا تصور پایا جاتا ہے۔ انسان پیدائشی طور پر یہ چاہتا ہے کہ جو شخص انصاف کے اصولوں کے تحت زندگی گزارے، اُس کو انعام ملے، اور جو شخص نا انصافی کا طریقہ اختیار کرے، اس کو سزا دی جائے۔ اس فطری تقاضے کی تکمیل صرف با خدا کائنات (universe with God) کے نظریے میں ملتی ہے، بے خدا کائنات (universe without God) کے نظریے میں اس فطری تقاضے کا کوئی جواب نہیں۔ ہر انسان پیدائشی طور پر اپنے اندر خواہشوں کا سمندر لیے ہوئے ہے۔ موجودہ دنیا میں ان خواہشوں کی تکمیل (fulfillment) ممکن نہیں۔ بے خدا کائنات کے نظریے میں انسان کے لیے یہ حسرت ناک انجام مقدر ہے کہ اس کی فطری خواہشیں کبھی پوری نہ ہوں۔ لیکن با خدا کائنات کے نظریے میں یہ امکان موجود ہے کہ آدمی اپنی خواہشوں کی کامل تسکین، بعد از موت کے مرحلہ حیات میں پالے۔ وقت کا شعور انسانی نفسیات کا مطالعہ بتاتا ہے کہ انسان ایک ٹائم کانسئش مخلوق ہے۔ وہ اپنے وقت کو حال اور مستقبل میں بانٹ کر دیکھتا ہے۔ مگر دوسری طرف یہ ایک واقعہ ہے کہ ہر آدمی کو اپنی زندگی میں صرف حال (present) ملتا ہے۔ ہر آدمی اپنے مستقبل سے محروم ہو کر مایوسی کی حالت میں مر جاتا ہے۔ وہ اپنے حال میں بہتر مستقبل کے لیے عمل کرتا ہے، لیکن اس کی محدود عمر میں اس کا وہ بہتر مستقبل اس کو نہیں ملتا اور وہ مایوسی کے ساتھ اس دنیا سے چلا جاتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page