خدا کا وجود
Urdu book, p. 63
By Maulana Wahiduddin Khan
تاہم سائنسی ذہن تین کی تعداد پر بھی مطمئن نہ تھا۔ وہ اس تعداد کو مزید گھٹا کر ایک تک پہنچانا چاہتا تھا۔ یہ کام برٹش سائنس داں اسٹیفن ہاکنگ (2018-1942) کے ذریعے انجام پایا۔ اسٹیفن ہاکنگ (وفات 2018) کونظریاتی سائنس میں وقت کا بڑا سائنس داں مانا جاتا ہے۔ اس نے پیچیدہ ریاضیاتی حساب (mathematical calculations) کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ صرف ایک طاقت (force) ہے، جو پوری کائنات کو کنٹرول کر رہی ہے۔ یہ نظریہ اب تعلیم یافتہ طبقے کے درمیان ایک مسلّمہ کے طور پر مان لیا گیا ہے۔ عمومی زبان میں اس کو سنگل اسٹرنگ نظریہ (single string theory) کہا جاتا ہے۔ سنگل اسٹرنگ نظریہ گویا کہ ایک خدا (توحید الٰہ) کے عقیدے کے حق میں ایک سائنسی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ وہ مذہبی عقیدے کو علمی مسلّمہ کی حیثیت دے رہا ہے۔ اب خالص سائنس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس کائنات کا ایک خدا ہے۔ یہ خدا ایک ہے اور صرف ایک: The concept of God is purely a scientific concept, and this God is one and one alone. سوال 9 مئی 2009 کو انڈیا انٹرنیشنل سنٹر (نئی دہلی) میں خدا کے وجود کے موضوع پر انگریزی زبان میں آپ کی ایک تقریر تھی۔ میں اس تقریر میں شروع سے آخر تک شریک رہا۔ میں نے دیکھا کہ سامعین نے خدا کے وجود پر دیے گئے سائنسی دلائل سے پورا اتفاق کیا۔ تاہم ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ سینئر ہندو خاتون نے تقریر کے بعد مجھ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب کی بات سے مجھ کو پورا اتفاق ہے۔ مگر میرا خیال ہے کہ خدا کے وجود پر سائنسی دلائل کی ضرورت نہیں۔ کیوں کہ خدا تو ہمارے اندر موجود ہے۔ براہِ کرام، اس معاملے کی وضاحت فرمائیں (محمد ذکوان ندوی، نئی دہلی)

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader