Urdu book · خدا کی دریافت

خدا کی دریافت

Urdu book, p. 81

By Maulana Wahiduddin Khan

امید کی کرن امریکی مشنری بلی گراہَم نے لکھا ہے کہ اس کو ایک بار ایک بڑے امریکی سیاست داں کا ارجنٹ پیغام ملا۔ اس پیغام میں کہا گیا تھا کہ مجھ سے فوراً ملو۔ بلی گراہَم نے اپنا پروگرام ملتوی کر دیا۔ وہ فوراً سفر کر کے اس کے پاس پہنچا۔ بلی گراہَم کا بیان ہے کہ جب میں اس کے گھر پہنچا تو فوراً مجھ کو اپنے شاندار مکان کے ایک الگ کمرہ میں لے جایا گیا۔ یہاں ہم دونوں دو کرسیوں پر آمنے سامنے بیٹھ گئے۔ اس کے بعد امریکی سیاست داں نے نہایت سنجیدگی کے ساتھ بلی گراہَم سے کہا کہ دیکھو، میں ایک بوڑھا آدمی ہوں۔ زندگی اپنی ساری معنویت کھو چکی ہے۔ میں انجان منزل کی طرف ایک فیصلہ کن چھلانگ لگانے والا ہوں۔ اے نوجوان، کیا تم مجھے امید کی ایک کرن دے سکتے ہو: You see, I am an old man. Life has lost all meaning. I am going to take a fateful leap into the unknown. Young man can you give me a ray of hope. (The Secret of Happiness, by Billy Graham, p. 2) یہ سوال صرف ایک امریکی سیاست داں کا سوال نہیں۔ اس دنیا میں پیدا ہونے والا ہر آدمی اس سوال سے دوچار ہوتا ہے، عورت بھی اور مرد بھی۔ اس سوال کا معقول جواب صرف عالم آخرت کے عقیدے میں ملتا ہے۔ اگر موت کے بعد ایک اور دنیا کو نہ مانا جائے تو یہ عالمگیر سوال ہمیشہ کے لیے بے جواب ہو کر رہ جائے گا۔ تضاد کا خاتمہ انسان کے بارے میں اس قسم کا مطالعہ بتاتا ہے کہ ہر عورت اور ہر مرد پیدائشی طور پر دو متضاد صفات رکھتے ہیں۔ ایک طرف ہر ایک کی بے پناہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ایک مطلوب دنیا (dream world) بنائے، ایک ایسی دنیا جو اس کے آئیڈیل کے مطابق

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page