نمونہ کی اقلیت
Urdu book, p. 216
By Maulana Wahiduddin Khan
نمونہ کی اقلیت ایشیائی ملکوں کے جو لوگ امریکہ میں ہیں ان کو ایشیائی امریکی (Asian Americans) کہا جاتا ہے۔ یہ لوگ 1965ء سے آ کر یہاں آباد ہونا شروع ہوئے۔ وہ زیادہ تر چین، کوریا، انڈو چائنا وغیرہ ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ لوگ جب یہاں آئے تو ان کا حال یہ تھا کہ ان میں سے بہت سے لوگ انگریزی میں معمولی گفتگو بھی نہیں کر سکتے تھے۔ آج وہ، ریڈرس ڈائجسٹ کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے بہترین انگلش اسکولوں میں اعلیٰ طالب علم (super students) کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ ان کی تعداد اگرچہ مجموعی آبادی میں صرف 2 فیصد ہے، مگر مختلف امریکی اداروں میں انہوں نے 20 فیصد تک جگہ لینے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ وہ ہر جگہ زیادہ لائق (overqualified) ثابت ہو رہے ہیں۔ اس صورت حال نے امریکی دماغوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ چنانچہ اس پر باقاعدہ ریسرچ کی گئی۔ اس ریسرچ کی رپورٹ مختلف امریکی اور غیر امریکی جرائد میں شائع ہوئی ہے۔ چند حوالے یہ ہیں: 1. New York Times, New York, August 3, 1986 2. Why Asian Americans are doing so well Times Magazine, New York, August 31, 1987 3. Why Asian American students excel Reader's Digest, August 1987 4. Why Asian succeed in America Span monthly, December 1987 5. Among the top 6 science students of the United States The Hindustan Times, New Delhi, August 30, 1987. عام امریکی نوجوانوں کے مقابلہ میں ایشیائی امریکی تعلیم کے ہر شعبہ میں آگے کیوں ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی کوشش کی مقدار امریکی نوجوانوں سے بڑھی ہوئی ہے۔ ہاروڈ یونیورسٹی میں نفسیات کے پروفیسر جیروم کاگن سے پوچھا گیا کہ کیا سبب ہے کہ ایشیائی طلبہ اصل امریکی طلبہ کے مقابلہ میں زیادہ کامیاب ہیں۔ ٹائم کی رپورٹ کے مطابق، انہوں نے کہا کہ اس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ وہ زیادہ محنت کرتے ہیں:

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader