اپنی کمزوری
Urdu book, p. 24
By Maulana Wahiduddin Khan
اپنی کمزوری رابرٹ امیان (Robert Emmiyan) روس کا مشہور کھلاڑی ہے۔ وہ لمبی کود کا چمپین (Top Long-Jumper) سمجھا جاتا ہے۔ وہ 15 فروری 1965ء کو پیدا ہوا اور عالمی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ ایک ہندوستانی جرنلسٹ مسٹر وی کرشنا سوامی نے رابرٹ امیان کا مفصل انٹرویو لیا۔ یہ انٹرویو ٹائمس آف انڈیا (5 اپریل 1988ء) میں شائع ہوا ہے۔ مسٹر کرشنا سوامی نے روسی چمپین سے پوچھا کہ بین الاقوامی کھیل میں جب آپ شرکت کرتے ہیں تو اس میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے آپ کیا کرتے ہیں۔ رابرٹ امیان نے جواب دیا: The most important is to get rid of the defects which prevent me from improving my performance. My coach and I know that I have reserves which we must put to use. سب سے اہم بات اپنی کمزوریوں کو دور کرنا ہے جو کہ میری کارکردگی کو اچھا بنانے میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ میرے استاد اور میں دونوں جانتے ہیں کہ میرے اندر محفوظ صلاحیتیں ہیں جن کو ہمیں استعمال میں لانا ہے۔ رابرٹ امیان نے کھیل میں کامیابی کا جو راز بتایا ہے وہی وسیع تر زندگی میں بھی کامیابی کا راز ہے۔ زندگی کے مقابلہ میں جب بھی کوئی شخص ناکام ہوتا ہے تو وہ خود اپنی کمزوریوں کی وجہ سے ناکام ہوتا ہے۔ اپنی داخلی کمزوریوں کو جاننا اور ان کو دور کرتے ہوئے زیادہ بہتر تیاری کے ساتھ میدانِ عمل میں داخل ہونا، یہی اس دنیا میں کامیابی کا واحد راز ہے۔ موجودہ دنیا میں جو شخص بھی کامیاب ہوتا ہے وہ اسی شرط کو پورا کر کے کامیاب ہوتا ہے اور جو شخص ناکام ہوتا ہے وہ اسی لیے ناکام ہوتا ہے کہ وہ اس شرط کو پورا کرنے میں کوتاہ ثابت ہوا تھا۔ ناکام وہ ہے جو اپنی صلاحیتوں کے بھر پور استعمال میں ناکام رہے، اور کامیاب وہ ہے جو اپنی صلاحیتوں کے بھر پور استعمال میں کامیاب ثابت ہو۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader