Urdu book · مذہب اور سائنس

برٹرینڈ رسل کے خیالات

Urdu book, p. 31

By Maulana Wahiduddin Khan

"I commit myself to the view that there are valid processes of inference from events to other events ... more particularly, from events of which I am aware without inference to events of which I have no such awareness." (p. 10) یعنی میں اس نقطہ نظر کا حامی ہونے کا اعتراف کرتا ہوں کہ استنباط کے ایسے معقول طریقے ہیں جن میں بعض واقعات سے کچھ دوسرے واقعات پر استنباط کیا جاتا ہے۔ زیادہ متعین طور پر، ایسے واقعات سے جن میں کسی استنباط کے بغیر باخبر ہوں، ایسے واقعات پر جن کے بارے میں، میں اس قسم کی واقفیت نہیں رکھتا۔ رسل نے اسی بات کو دوسری جگہ ان الفاظ میں کہا ہے: "I do think that there are forms of probable inference which must be accepted although they cannot be proved by experience." (p. 132) میں خیال کرتا ہوں کہ ایسے قریب بہ صحت استنباط کے طریقے ہیں جن کو تسلیم کیا جانا چاہیے، اگرچہ وہ تجربہ سے ثابت نہیں کیے جاسکتے۔ اس صریح اعتراف کے مطابق، کم از کم رسل کے نزدیک، مذہب ایک ایسی چیز کی حیثیت نہیں رکھتا، جس کو دلیل سے ثابت نہ کیا جاسکتا ہو۔ کیونکہ یہاں وہ جس معیار استدلال کے درست (validity) ہونے کو تسلیم کر رہا ہے، یہ عین وہی معیار استدلال ہے جس کے مطابق مذہب کی صداقتوں کو ثابت کیا جاتا ہے۔ مزید حیرت انگیز بات یہ ہے کہ رسل نے بالواسطہ طور پر یہاں تک تسلیم کیا ہے کہ مذہب کے حق میں اس نوعیت کے استنباطی دلائل بھی موجود ہیں جن کو وہ سائنٹفک استنباط کہتا ہے، مگر اس کے باوجود نہایت سرسری وجوہ کا نام لے کر ان دلائل کو رد کر دیتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page