Urdu book · میوات کا سفر

تیسرا سفر

Urdu book, p. 49

By Maulana Wahiduddin Khan

کہ سڑک کے دونوں طرف کھیتوں میں ’’مچان‘‘ پڑے ہوئے ہیں اور مویشی ہر طرف چر رہے ہیں۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ اس علاقے کے کسانوں میں عام رواج ہے کہ وہ موسمِ برسات میں تقریباً چار مہینے کے لئے مویشیوں کو اپنے کھیتوں میں منتقل کر دیتے ہیں۔ ایک اونچی سی چار پائی جس کو یہاں ’’ڈہلا‘‘ کہتے ہیں اس کے اوپر سرکنڈ کی ’’چھت‘‘ ڈال کر ایک ہلکا پھلکا زمینی مچان بنا لیا جاتا ہے۔ یہ کسان کا بسیرا ہوتا ہے۔ اس کے پاس ایک اچھی ٹارچ بھی ہوتی ہے تاکہ رات کے وقت مویشیوں کی دیکھ بھال کر سکے۔ بارش کے موسم میں اس انتقالِ آبادی کے زبردست فائدے ہیں۔ برسات میں مویشیوں کی قیمتی کھاد کا بڑا حصہ برباد ہو جاتا ہے۔ نیز کسان کے دروازے کے سامنے کیچڑ بن کر بدبودار غلاظت کا سبب بنتا ہے۔ جانوروں کا پیشاب جو بے حد مفید کھاد ہے اور برسات میں خصوصیت سے زیادہ مقدار میں حاصل ہو سکتی ہے۔ مگر وہ تمام کی تمام اس طرح برباد ہو جاتی ہے کہ اس سے کسان کو بدبو اور مچھر کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ مویشیوں کو کھیت میں منتقل کر کے یہ قیمتی کھاد مکمل طور پر بچا لی جاتی ہے۔ پھر اس طریقہ میں برسات بھر مویشیوں کو کھلانے کی بھی آسانی ہو جاتی ہے۔ وہ دن بھر کھیت میں چرتے ہیں اور اس کے بعد کھیت ہی سے چارہ کاٹ کر وہیں انھیں کھلا دیا جاتا ہے۔ برسات کے موسم میں یہ عمل ان کھیتوں میں کیا جاتا ہے جو ناغہ کر کے بونے کی غرض سے ایک سال کے لئے چھوڑ دئے جاتے ہیں۔ اور جن کو یوپی کے علاقہ میں ’’چو ماس‘‘ کہا جاتا ہے۔ کسانوں نے بتایا کہ ان کھیتوں میں سرسوں کی بہترین پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ واپسی میں دلی سے الور تک ۵۸ اکسلو میٹر کا سفر بڑا پر کیف تھا۔ ہر طرف سبزہ سے ڈھکی ہوئی زمین ایسی دکھائی دیتی تھی جیسے قدرت نے کسی پر مسرت تقریب کی آمد کے لئے سطح ارض پر ہرا قالین بچھا دیا ہو۔ آسمان پر ہلکے بادل اور اس کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو بہت خوشگوار بنا دیا تھا۔ ’’کتنی حسین ہے یہ دنیا‘‘ بے اختیار میری زبان سے نکلا۔ مگر اس حسین دنیا کا مالک بننے کے لئے خود بھی حسین بننا پڑتا ہے۔ اور یکایک مجھے محسوس ہوا کہ یہ الفاظ جو دنیا کے بارہ میں بلا مبالغہ صحیح ہیں وہ ہمارے اوپر صادق نہیں آتے اور یہی وہ مقام ہے جہاں ہماری تمام بدبختیوں کا راز چھپا ہوا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page