Urdu book · پیغمبرِ انقلاب

آپ کا معجزہ قرآن

Urdu book, p. 254

By Maulana Wahiduddin Khan

آپ کا معجزہ ـــــ قرآن ہر پیغمبر کا ایک معجزہ ہوتا ہے اور پیغمبر آخر الزماں کا معجزہ قرآن ہے۔ جو پیغمبر قیامت تک کے لیے پیغمبر بنا کر بھیجا گیا، اس کا معجزہ کوئی ابدی معجزہ ہی ہو سکتا تھا۔ خدا نے قرآن کو پیغمبر آخر الزماں کا ابدی معجزہ بنا دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مخالفین نے مسلسل مطالبہ کیا کہ پچھلے نبیوں کی طرح تم بھی کوئی معجزہ دکھاؤ۔ قرآن میں صاف اعلان کر دیا گیا کہ اس نبی کے لیے پچھلے نبیوں جیسا کوئی معجزہ نہیں بھیجا جائے گا (بنی اسرائیل، 17:59)۔ حتیٰ کہ قرآن میں کہا گیا کہ اے رسول اگر تجھ پر ان کا اعراض گراں گزرتا ہے (اور تم ان کے لیے کوئی معجزہ چاہتے ہو) تو اگر تم سے ہو سکے تو زمین میں کوئی سرنگ ڈھونڈو یا کوئی سیڑھی آسمان میں لگاؤ اور پھر ایک معجزہ لا کر انہیں دکھاؤ۔ اگر اللہ چاہتا تو سب کو ہدایت پر جمع کر دیتا۔ پس تم نادانوں میں سے نہ بنو (الانعام، 6:35)۔ اس کے برعکس کہا گیا کہ یہ قرآن جو اتارا گیا، یہی خدا کی طرف سے معجزہ ہے: وَقَالُوا لَوْلَا أُنْزِلَ عَلَيْهِ آيَاتٌ مِنْ رَبِّهِ، قُلْ إِنَّمَا الْآيَاتُ عِنْدَ اللَّهِ، وَإِنَّمَا أَنَا نَذِيرٌ مُبِينٌ، أَوَلَمْ يَكْفِهِمْ أَنَّا أَنْزَلْنَا عَلَيْكَ الْكِتَابَ يُتْلَى عَلَيْهِمْ، إِنَّ فِي ذَلِكَ لَرَحْمَةً وَذِكْرَى لِقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ (29:50-51) یعنی، اور وہ کہتے ہیں کہ اس رسول پر نشانیاں کیوں نہ اتریں۔ کہو کہ نشانیاں تو اللہ کے اختیار میں ہیں، اور میں تو بس کھول کر سنا دینے والا ہوں۔ کیا ان کے لیے یہ کافی نہیں کہ ہم نے تمہارے اوپر قرآن اتارا جو ان پر پڑھا جاتا ہے۔ بے شک اس میں رحمت اور نصیحت ہے ان لوگوں کے لیے جو ماننے والے ہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page