اصول ، مفاد
Urdu book, p. 177
By Maulana Wahiduddin Khan
اصول ، مفاد موجودہ بائبل اگرچہ محرف ہو چکی ہے ، تاہم اس میں بہت سے اجزاء ایسے ہیں جو نہایت عبرت ناک ہیں۔ بائبل اپنی موجودہ شکل میں سابق اہل کتاب (یہود) کی تاریخ بھی ہے اور ان کے نبیوں کے فرمودات کا مجموعہ بھی ۔ اس میں بار بار بتایا گیا ہے کہ اگر تم خدا کی شریعت پر چلو اور خدا کے حکموں کو مانو تو تمہیں ہر قسم کی کامیابی حاصل ہوگی۔ اور اگر تم خدا کے حکموں کو نہ مانو اور اس کے خلاف چلنے لگو تو خدا تم کو حقیر کر کے تم کو تمہارے دشمنوں کے حوالے کر دے گا (مثال کے طور پر ، احبار باب ۲۶) بعد کے زمانہ میں جب یہود کے اندر بگاڑ آیا تو خدا نے اپنے نبیوں کے ذریعہ مسلسل انھیں انتباہ دیا ۔ اس کی تفصیلات بائبل کے کئی ابواب میں پھیلی ہوئی ہیں (مثال کے طور پر ملاحظہ ہو ، یرمیاہ کی کتاب) ، اس سلسلہ میں چیتاونی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کے بعد وہ مردود چاندی کہلائیں گے ۔ کیوں کہ خداوند نے ان کو رد کر دیا ہے (یرمیاہ ، ۶ : ۳۰) : یہود کے بارے میں یہ بات بحیثیت نسل نہیں کہی گئی ہے بلکہ بحیثیت اہل کتاب کہی گئی ہے۔ یہ ان قوموں کے بارہ میں اللہ تعالیٰ کا قانون ہے جن کو الہامی کتاب بھیجی جائے ، جن کے درمیان پیغمبر خدا کی ہدایت لے کر آئیں۔ ایسی قوم جب خدا کی بتائی ہوئی روش سے ہٹ جائے تو خدا بھی اسے رد کر دیتا ہے۔ وہ لوگوں کے درمیان ایسے ہو جاتے ہیں جیسے مردود چاندی یا ایسا سکہ جس کو بینک نے رد کر دیا ہو۔ اس سلسلہ میں بائبل میں نیز قرآن و حدیث میں ، جو بیانات ہیں ، ان کا خلاصہ یہ ہے کہ زندگی کے دو طریقے ہیں۔ ایک ہے ، خدا کی پسند پر جینا ، اور دوسرا ہے ، اپنی پسند پر جینا۔ دوسرے لفظوں میں اس کو یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ ایک ہے ، اصول حق کے لیے جینا ، اور دوسرا ہے ، ذاتی مفاد کے لیے جینا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader