منافقت
Urdu book, p. 291
By Maulana Wahiduddin Khan
الجماعت" ہے (ابو داؤد) "الجماعت" سے کیا مراد ہے، اس کی تشریح ترمذی کی روایت سے ہوتی ہے۔ صحابہ کرام نے پوچھا کہ اے خدا کے رسول، یہ الجماعت کون لوگ ہیں۔ آپ نے جواب دیا : جو اس پر ہو جس پر میں اور میرے اصحاب ہیں (مَنْ كَانَ عَلَى مَا أَنَا عَلَيْهِ وَأَصْحَابِي) فرقوں کی یہ کثرت کیسے ہوتی ہے، اس کا جواب قرآن کی اس آیت میں ملتا ہے : انھوں نے اپنے علما اور اپنے مشائخ کو اللہ کے سوا اپنا رب بنا لیا اور مسیح ابن مریم کو بھی، حالاں کہ ان کو صرف یہ حکم دیا گیا تھا کہ وہ ایک معبود کی عبادت کریں (اتَّخَذُوا أَحْبَارَهُمْ وَرُهْبَانَهُمْ أَرْبَابًا مِنْ دُونِ اللَّهِ وَالْمَسِيحَ ابْنَ مَرْيَمَ وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِيَعْبُدُوا إِلَهًا وَاحِدًا ، التوبہ ۳۱) جب لوگ دین خدا پر ہوں تو دین ایک رہتا ہے۔ تمام لوگوں کے لیے دین کا ایک ہی ماخذ ہوتا ہے اور وہ قرآن ہے۔ لوگ ہر معاملہ میں قرآن کی طرف دیکھتے ہیں اور اس میں جو ہدایت ملے اس کو بے چون و چرا قبول کر لیتے ہیں۔ قرآن کا فیصلہ معلوم ہو جانے کے بعد وہ دوبارہ کوئی بحث نہیں نکالتے۔ جن لوگوں میں یہ مزاج ہو ان کا دین ایک رہے گا۔ مگر جب قوم میں زوال آتا ہے تو اس کے اکابر اس کے لیے دین کا ماخذ بن جاتے ہیں۔ اب قرآن کو یا تو ثواب اور تبرک کے طور پر پڑھا جاتا ہے یا اپنے اکابر کے دین کو صحیح ثابت کرنے کے لیے۔ خدا کی کتاب اصل رہنما کی حیثیت سے اپنا مقام کھو دیتی ہے۔ خدا ایک ہے مگر اکابر ایک نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قوم جب دین اکابر پر مبنی ہوتی ہے تو اس کے یہاں فرقوں کی کثرت ہو جاتی ہے۔ ملت کا ۷۳ فرقوں" میں بٹنا دراصل "۷۳ اکابر" کے حلقوں میں تقسیم ہونے کا دوسرا نام ہے۔ مسلمان آج اسی دین اکابر پر ہیں۔ ان کے یہاں اکابر کے نام پر سرگرمیاں ہیں مگر خدا کے نام پر کوئی سرگرمی نہیں۔ اکابر کی بڑائی بیان کرنے سے ان کے زبان و قلم نہیں تھکتے مگر خدا کی بڑائی بیان کرنے والا ان کے درمیان کوئی نہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader