Urdu book · قال اللہ و قال الرسول

ایک تنبیہہ

Urdu book, p. 37

By Maulana Wahiduddin Khan

ایک تنبیہہ قرآن میں ہے کہ کیا تم کتاب الہیٰ کے ایک حصہ کو مانتے ہو اور ایک حصہ کا انکار کرتے ہو ۔ پس تم میں سے جو لوگ ایسا کریں ان کی سزا اس کے سوا کیا ہے کہ ان کو دنیا کی زندگی میں رسوائی ہو اور قیامت کے دن ان کو سخت عذاب میں ڈال دیا جائے۔ اور اللہ اس چیز سے بے خبر نہیں جو تم کرتے ہو (البقرہ ۸۵) اس کا مطلب یہ ہے کہ دین میں جب ایک ہی نوعیت کا دو حکم ہو تو خدا پرستوں کو چاہیے کہ وہ دونوں کو لیں۔ ایک ہی نوعیت کے دو حکم میں سے ایک کو لینا اور دوسرے کو نہ لینا تعمیل نہیں ہے بلکہ نافرمانی ہے۔ ایسے لوگ خدا کے یہاں سزا کے مستحق ہیں نہ کہ انعام کے مستحق۔ حدیث میں ہے کہ مومن کی حرمت کعبہ کی حرمت سے بھی زیادہ ہے۔ اب اگر کچھ لوگ کعبہ کا تو خوب احترام کریں مگر جب مومن سے معاملہ پڑے تو اس کے ساتھ وہ بے احترامی سے پیش آئیں، ایسے لوگ خدا کے نزدیک مجرم ہیں۔ کیوں کہ انھوں نے ایک ہی نوعیت کے دو حکموں میں سے ایک حکم کو لیا اور اسی نوعیت کے دوسرے حکم کا انکار کر دیا۔ اسی طرح جن لوگوں کا حال یہ ہو کہ وہ مسجد پر غاصبانہ قبضہ کی برائی کو جانیں مگر ایک مسلمان کی جائداد پر غاصبانہ قبضہ کی برائی کو نہ جانیں۔ وہ پیغمبر کے ساتھ گستاخی کو جرم سمجھیں مگر ایک مسلمان کے ساتھ گستاخی کو اپنے لیے جائز ٹھہرالیں۔ ایک غیر مسلم کوئی قومی بے عزتی کی بات کہہ دے تو اس پر بھڑک اٹھیں، لیکن ایک مسلمان دوسرے مسلمان کو بے عزت کرے تو اس کا غلط ہونا انھیں معلوم نہ ہو۔ ایسے تمام لوگ بلا شبہ مجرم ہیں۔ اللہ کے یہاں کوئی بھی چیز انھیں پکڑ سے بچانے والی نہیں۔ دائرۂ اختیار کے اعتبار سے احکام میں ضرور فرق رکھا گیا ہے۔ یعنی جو حکم دائرۂ اختیار سے تعلق رکھتا ہے اس پر پکڑ ہے اور جو حکم دائرۂ اختیار سے باہر ہے اس کی پکڑ نہیں۔ مگر خود دائرۂ اختیار کے دو حکم میں سے ایک کو لینا اور دوسرے کو نہ لینا صرف گمراہی ہے، وہ کسی بھی درجہ میں ہدایت کا راستہ نہیں۔ اس قسم کی دو عملی دنیا میں بھی رسوائی کا سبب ہے اور آخرت میں بھی رسوائی کا سبب۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page