اصلاحی کام
Urdu book, p. 164
By Maulana Wahiduddin Khan
اصلاحی کام ۲۸ اگست ۱۹۸۹ کا واقعہ ہے۔ تین صاحبان ملاقات کے لیے ہمارے دفتر (نئی دہلی) میں آئے۔ یہ تینوں بہار (مظفر پور) سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے نام یہ ہیں : محمد مطیع الرحمٰن چترویدی (۴۰ سال) محمد ابراہیم (۵۰ سال) محمد داؤد (۴۵ سال) یہ لوگ "تبلیغی تحریک" کے انداز پر "اصلاحی تحریک" چلا رہے ہیں۔ وہ یکم اگست کو اپنے وطن سے نکلے ۔ بہار اور یوپی کے مختلف شہروں اور قصبوں سے گزرتے ہوئے وہ دہلی پہنچے ۔ ایک ماہ کے دوران وہ تقریبا سوبستیوں میں گیے اور لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔ مظفر پور سے مذکورہ تین آدمی چلے تھے۔ اس کے بعد اور آدمی ان سے ملتے گیے ۔ یہاں تک کہ ان کا قافلہ ۳۵ آدمیوں پر مشتمل ہو گیا۔ ان کا طریقہ یہ ہے کہ وہ اپنا برتن اور سامان خوراک ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ مسجدوں میں قیام کرتے ہیں ۔ ہر آدمی اپنا خرچ خود ادا کرتا ہے۔ جہاں پہونچتے ہیں، وہاں کے مسلمانوں کے حالات معلوم کرتے ہیں۔ اور پھر ان کے معاملات میں عملی مداخلت کرکے انھیں حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس ایک مہینہ کے سفر میں انھوں نے بہت سے اصلاحی کام کیے۔ مثلاً ایک جگہ بیوہ خاتون کا نکاح کرایا۔ ایک جگہ لوگوں کو آمادہ کیا کہ وہ جہیز وغیرہ کے بغیر شادی کریں۔ چنانچہ کئی لوگ تیار ہوتے اور بالکل سادہ طور پر ان کی شادیاں کرائیں ۔ لوگوں کو آمادہ کیا کہ وہ کم مہر مقرر کریں اور مہر معجل کے اصول پر اس کو بوقت نکاح ادا کر دیں۔ کہیں دو مسلمانوں میں جھگڑا قائم تھا ۔ اس کو ختم کرا کر دونوں کے درمیان صلح کرائی۔ ایک جگہ مسجد کی تقسیم کرکے دو جماعتیں جاری ہوگئی تھیں ۔ وہاں تقسیم کو ختم کرایا اور ایک جماعت جاری کرائی۔ وغیرہ وغیرہ یہ بلاشبہ عین اسلامی کام ہے ۔ جس طرح تبلیغی جماعت " کلمہ ونماز" کے میدان میں کام کر رہی ہے ، اسی طرح مسلمانوں کے معاملات کی اصلاح کے لیے وسیع پیمانہ پر تحریک چلائی جائے ۔ اس کا انداز کار وہی ہو جو تبلیغی جماعت کا انداز کار ہے ۔ مسلمانوں کی معاشرتی اصلاح اسی طرح کی عملی کوششوں سے ہوگی نہ کہ تقریروں اور جلسوں کی دھوم مچانے سے ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader