پیغمبرانہ رہنمائی
Urdu book, p. 95
By Maulana Wahiduddin Khan
پیغمبرانہ رہنمائی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت اتنی زیادہ ہے کہ غیر مسلم مؤرخین و محققین بھی اس کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ مثلاً سرٹامس کارلائل نے آپ کو پیغمبروں کا ہیرو (Hero as prophet) قرار دیا ہے۔ پروفیسرای ای کلیٹ (E.E.Kellett) نے آپ کی بابت لکھا ہے کہ انہوں نے مصائب کا مقابلہ اس عزم کے ساتھ کیا کہ ناکامی سے کامیابی کو نچوڑیں: “He faced adversity with the determination to wring success out of failure.” (A Short History of Religions by E.E. Kellet, pp. 331-32, Middlesex) ڈاکٹر مائیکل ہارٹ (Michael Hart) نے اپنی کتاب سو بڑے (The 100) میں آپ کو عالمی بڑوں کی فہرست میں نمبر ایک پر رکھا ہے۔ اس نے لکھا ہے کہ وہ تاریخ کے واحد شخص ہیں جو مذہبی اور دنیاوی دونوں لحاظ سے سب سے زیادہ کامیاب رہے: “He was the man in history who was supremely successful on both the religious and secular levels.” یہ پیغمبر اسلام کی تصویر ہے۔ لیکن امت اسلام کو دیکھیے تو اس کی تصویر اس سے بالکل مختلف نظر آئے گی۔ ہیرو پیغمبر کی امت آج زیر و امت بنی ہوئی ہے۔ پیغمبر کامیاب کی امت موجودہ زمانے میں امت ناکامی کا بدترین نمونہ ہے۔ وہ ہستی جس کا حال یہ تھا کہ اس نے ناکامی تک سے کامیابی کو نچوڑ لیا۔ اس کے ماننے والے آج ساری دنیا میں صرف اپنی عبرت ناک محرومی کے خلاف فریاد خوانی اور ماتم سرائی میں مشغول ہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader