Urdu book · رہنماے حیات

اپنے کام سے کام

Urdu book, p. 154

By Maulana Wahiduddin Khan

اصول کو پوری طرح اپنا لے وہ اس دنیا میں کبھی بنا کام نہیں ہو سکتا۔ اسی مزاج کا ایک اظہار وہ ہے جس کو اسٹیٹس کو ازم (status quoism) کہا جاتا ہے۔ کسی مقصد میں کامیابی کے لیے اسٹیٹس کو ازم واحد کار گر تدبیر ہے۔ اسٹیٹس کو ازم کا مطلب ہے — حالت موجودہ سے ٹکرائے بغیر اپنا کام کرنا: Doing one's Job without disturbing the existing state of affairs. کام کرنے کے دو طریقے ہیں۔ ایک یہ کہ آپ کی سوچ یہ ہو کہ پہلے موجودہ صورتِ حال کو بدلو۔ اس کے بعد اپنا مطلوب کام شروع کرو۔ یہ راستہ منفی راستہ ہے۔ اس میں یہ نقصان ہے کہ آدمی اپنی قوت و طاقت کا بڑا حصہ غیر ضروری طور پر مفروضہ مشکلات کو دور کرنے میں لگا دیتا ہے۔ جب کہ صحیح طریقہ یہ ہے کہ مشکلات کو نظر انداز کر کے مواقع کو استعمال کیا جائے۔ اپنے کام سے کام کا مطلب اسی دوسرے طریقے کو اختیار کرنا ہے۔ اسی دوسرے طریقے کا نام اسٹیٹس کو ازم ہے۔ اصل یہ ہے کہ دنیا کبھی مشکلات یا ناموافق باتوں سے خالی نہیں ہوسکتی۔ مشکلات کی فہرست اتنی لمبی ہے کہ ایک مشکل کو ہٹاتے ہی دوسری مشکل سامنے آ جاتی ہے اور دوبارہ وہی ناموافق صورت حال باقی رہتی ہے جو پہلے تھی۔ ایسی حالت میں عقلمندی یہ ہے کہ مشکلات و مسائل کو زندگی کا ایک لازمی حصہ سمجھا جائے اور اس کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔ تجربہ بتاتا ہے کہ مشکلات اور مسائل سے لڑنے والے لوگ ہمیشہ ناکام ہوتے ہیں اور جو لوگ مشکلات و مسائل سے تعرض نہ کرتے ہوئے اپنا کام شروع کر دیں ، وہ ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں۔ یہ دنیا کسی ایک کے لیے نہیں ہے بلکہ وہ سب کے لیے ہے۔ عقلمند آدمی وہ ہے جو یہ جانے کہ دنیا کی اس شاہراہ پر دوسروں کو راستہ دے کر ہی اپنا راستہ ملتا ہے۔ جو آدمی زندگی کی شاہراہ پر دوسروں کو راستہ دیے بغیر آگے بڑھنا چاہے اُس کے لیے جو چیز مقدر ہے وہ قبرستان ہے، نہ کہ مطلوب منزل۔ یہی فطرت کا قانون ہے اور یہی انسانی تاریخ کا فیصلہ بھی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page