Urdu book · رہنماے حیات

نازک پارسل

Urdu book, p. 155

By Maulana Wahiduddin Khan

نازک پارسل آپ نے دیکھا ہوگا کہ سامان ہوں کے بعض پارسل پر جلی حروف میں لکھا ہوا ہوتا ہے کہ احتیاط سے اٹھاؤ (handle with care)۔ یہ وہ پارسل ہیں جن میں کوئی نازک چیز (مثلاً شیشہ) پیک ہوتا ہے۔ اس طرح کے پارسلوں کے ساتھ اگر بے احتیاطی کا طریقہ اختیار کیا جائے تو ان کے اندر کا سامان ٹوٹ سکتا ہے۔ اس لیے ایسے پارسلوں کے اوپر یہ ہدایت لکھ دی جاتی ہے کہ ان کو اٹھانے اور رکھنے میں احتیاط کرو۔ پارسلوں میں تو ایسے پارسل بہت کم ہوتے ہیں جن کے ساتھ اس قسم کا نازک مسئلہ وابستہ ہو۔ مگر آج کل کے انسانوں کو دیکھئے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تمام لوگ اسی قسم کے نازک پارسل بنے ہوئے ہیں۔ ہر آدمی گویا مسٹر پرابلم (Mr Problem) یا مسٹر ہینڈل ودھ کیئر (Mr. Handle with care) بنا ہوا ہے۔ یہ وہ انسان ہیں جن کے ساتھ ذرا سا بھی کوئی خلاف مزاج بات پیش آ جائے تو وہ فوراً بگڑ جاتے ہیں۔ وہ ہمیشہ دوسروں کے خلاف اس قسم کی شکایتیں لیے پھرتے ہیں کہ اس نے یہ کہہ دیا، اس نے وہ کہہ دیا۔ ایسے لوگ خدا کی زمین پر بوجھ ہیں۔ ان کے ذریعہ کبھی کوئی طاقتور سماج نہیں بن سکتا۔ حقیقی انسان وہ ہے جو لوہے کی مانند ہو۔ جس کو آہستہ رکھے تب بھی وہ لوہار رہتا ہے اور اگر زور سے پٹک دیجئے تب بھی وہ لوہار رہتا ہے۔ وہ جھٹکوں سے غیر متاثرہ رہ کر جینا جانتا ہے۔ ایسے انسان کسی سماج کا بہترین سرمایہ ہیں۔ ایسے ہی افراد کے ذریعہ ایک صحت مند سماج وجود میں آتا ہے۔ کامیاب زندگی کے دو اصول ہیں۔ ایک یہ کہ آپ بے مسئلہ انسان بن کر دنیا میں رہیں۔ دوسرا اصول یہ ہے کہ اگر کوئی شخص آپ کے لیے مسئلہ پیدا کرے تو آپ اس کو نظر انداز کر دیجئے ۔ اس کے سوا کوئی تیسرا اصول نہیں جو اس دنیا میں کسی کو کامیاب کر سکے۔ کامیابی، ایک لفظ میں، کامیاب منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page