راز حیات
Urdu book, p. 159
By Maulana Wahiduddin Khan
شروع کر دیا جائے تو وہ صرف ناکامی پر ختم ہو گا۔ اس قسم کی قومی تعمیر کی مثال بالکل ایسی ہو گی جیسے دیوار بنانے سے پہلے چھت کھڑی کرنے کی کوشش ۔ ایسی چھت ہمیشہ اٹھانے والے کے سر پر گرتی ہے۔ اسی طرح افراد کی تعمیر سے پہلے قومی اقدام صرف ناکامی اور بربادی پر ختم ہوتا ہے۔ بڑی چھلانگ کب امریکی خلا باز آرمسٹرانگ (Neil Armstrong) نے جولائی 1969 میں پہلی بار چاند پر قدم رکھا تھا۔ جب وہ اپنی خلائی مشین کے ساتھ چاند پر اترا تو امریکا کے مشن کنٹرول کو اس کے یہ الفاظ موصول ہوئے ــ یہ ایک آدمی کے لیے ایک چھوٹا قدم ہے مگر انسانیت کے لیے وہ ایک عظیم چھلانگ ہے: That’s one small step for a man, one gaint leap for mankind. آرمسٹرانگ اور اس کے دو ساتھی امریکا کے 30 بہترین خلا بازوں میں سے چنے گئے تھے۔ ان کے اندر وہ خصوصیات امتیازی درجہ میں موجود تھیں جو اس مشکل تاریخی مہم کے لیے درکار تھی پرواز میں غیر معمولی مہارت ، ذہانت اور قوت ، معلومات کو اخذ کرنے کی صلاحیت، برف کی طرح ٹھنڈا ہونے کے باوجود چیلنج کو بے خطر قبول کرنا۔ پھر ان کو شدید قسم کے تربیتی کورس سے گزرنا پڑا۔ مثلاً وہ دیر دیر تک گہرے پانی میں رہے تا کہ بے وزنی کی حالت کے عادی بن سکیں ۔ انہوں نے بے شمار قسم کے ممکن ہنگامی حالات (Emergencies) کا تجربہ کیا۔ انہوں نے فلکیات، خلا بازی ، راکٹ کی پرواز کے کورس پڑھے۔ انہوں نے خلائی کمپیوٹر اور چاند کی طبیعیات کا مطالعہ کیا۔ ان کا 3100 ٹن کا آپالو 11 ایک عظیم دیو معلوم ہوتا تھا۔ وہ 36 منزلہ عمارت کے برابر اونچا تھا۔ اس کے اندر آٹھ ملین پرزے تھے اور 191 انجن نصب تھے۔ سب سے اوپر وہ چھوٹی سی مشین (Columbia) تھی جس کے اندر خلا بازوں کو بیٹھ کر اپنا سفر طے کرنا تھا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader