Urdu book · راز حیات

پہلے شعور پیدا کیجئے

Urdu book, p. 248

By Maulana Wahiduddin Khan

معاشی حملہ ہوائی (Hawaii) بحر الکاہل کا جزیرہ ہے۔ اس کے ایک ساحلی مقام کا نام پرل ہاربر ہے۔ پرل ہاربر کو امریکا نے ایک فوجی بندرگاہ کے طور پر ترقی دی۔ یہ بحر الکاہل میں امریکا کا سب سے زیادہ مضبوط بحری اڈہ بن گیا۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران 7 دسمبر 1941 کو جاپان نے پرل ہاربر پر بمبار ہوائی جہازوں سے حملہ کیا۔ اس وقت امریکا کے تقریباً ایک سو جنگی جہاز یہاں موجود تھے جاپانی بمباری نے ان میں سے اکثر کو تباہ کر دیا۔ اس کا بدلہ امریکا نے اس طرح لیا کہ 6 اگست 1945 کو اس نے دو ایٹم بم جاپان پر گرائے جس کے نتیجہ میں جاپان کے دو اہم ترین صنعتی شہر بالکل تباہ ہو گئے ۔ تاہم یہ دونوں شہر ( ہیروشیما اور ناگاساکی ) اب دوبارہ زیادہ شاندار طور پر تعمیر کر لیے گئے ہیں۔ 1945 میں وہ جاپان کی بربادی کی علامت تھے۔ 1985 میں وہ جاپان کی غیر معمولی ترقی کی علامت ہیں۔ دوسری جنگ عظیم کا خاتمہ جاپان کی مکمل شکست پر ہوا تھا۔ مزید یہ کہ امریکا نے اس کے اوپر اپنی فوجی اور سیاسی بالادستی قائم کر لی۔ مگر جاپان نے حیرت انگیز طور پر اس کا ثبوت دیا کہ وہ اپنے آپ کو حالات کے مطابق بدل لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دوسری جنگ عظیم سے پہلے وہ ہتھیاروں پر یقین رکھتا تھا مگر جنگ کے بعد اس نے خود اپنی مرضی سے ہتھیار الگ رکھ دیے اور خالص پر امن انداز میں اپنی نئی تعمیر شروع کر دی۔ جاپان نے لڑائی کے میدان کو چھوڑ دیا جو اس کے لیے بند ہو گیا تھا۔ اس نے تعمیر کے میدان کو اختیار کر لیا جواب بھی اس کے لیے کھلا ہوا تھا۔ دوسری تدبیر پہلی تدبیر سے زیادہ کامیاب ہوئی۔ جاپان صنعت و تجارت میں اس حد تک آگے بڑھ گیا کہ آج وہ دنیا کی دوسری سب سے بڑی اقتصادی طاقت سمجھا جاتا ہے۔ امریکا کے مقابلہ میں اس کا ٹریڈ سر پلس 37 بلین ڈالر کے بقدر زیادہ ہے۔ جنگ کے فاتح امریکا کو مفتوح جاپان نے اقتصادیات کے میدان میں شکست دے دی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page