راز حیات
Urdu book, p. 283
By Maulana Wahiduddin Khan
ہوں ۔ اس لیے اتحاد کی واحد تدبیر یہ ہے کہ لوگوں کی نظریں کم اہم یا غیر اہم چیزوں سے ہٹا دی جائیں ۔ کسی ملک پر دشمن کے حملہ کے وقت یہی چیز ہوتی ہے ۔ چنانچہ ایسے موقع پر پوری قوم متحد ہو جاتی ہے ۔ دشمن کے خطرہ سے زیادہ بڑا خطرہ خدا کی پکڑ کا خطرہ ہے۔ اس لیے جس قوم میں خدا کا ڈر پیدا ہو جائے وہ لازمی طور پر دنیا کی سب سے زیادہ متحد قوم بن جائے گی ۔ مطالعہ بتاتا ہے کہ دشمن کے خطرہ کے وقت جانور بھی متحد ہو جاتے ہیں ۔ خطرناک سیلاب میں کتا اور بلی یا نیولا اور سانپ دونوں ایک جگہ چپ چاپ بیٹھے ہوئے دیکھے گئے ہیں ۔ مگر یہ اتحاد کی حیوانی سطح ہے۔ انسانی اتحاد وہ ہے جو خدا کے خوف اور آخرت کے فکر سے پیدا ہو ۔ یہ دوسرا اتحاد زیادہ اعلیٰ ہے اور زیادہ پائیدار بھی۔ شکایات ہندوستان کی آزادی سے پہلے کا واقعہ ہے۔ دیہات کے ایک آدمی شہر آئے اور اپنے ایک ملاقاتی کے یہاں مقیم ہوئے ۔ ان کی ضیافت کے لیے گھر کے اندر سے خربوزہ بھیجا گیا ۔ ایک بڑی پلیٹ میں خربوزہ کے ساتھ چھری رکھی ہوئی تھی ۔ انھوں نے جب اس کو دیکھا تو سخت حیران ہوئے ۔ انھوں نے کہا : میری سمجھ میں نہیں آتا کہ خربوزہ اور چھری کا کیا جوڑ ہے۔ حتیٰ کہ انھوں نے خربوزہ کھائے بغیر اسے لوٹا دیا ۔ بعد کو ایک شخص نے پوچھا تو انھوں نے بتایا کہ ہم تو یہ جانتے ہیں کہ خربوزہ کھانے کا طریقہ یہ ہے کہ دونوں ہاتھ سے دبا کر اس کو توڑ اور کھا گئے ۔ پھر یہ چھری کس لیے ۔ میں تو اسے ٹوٹا ٹکا سمجھا، اس لیے میں نے اسے نہیں کھایا۔ اسی قسم کا ایک اور واقعہ مذکورہ شخص کے ساتھ رات کو پیش آیا ۔ رات کو جب ان کے سونے کے لیے بستر بچھایا گیا تو ان کے بستر پر ایک تکیہ بھی تھا ۔ وہ رات بھر تکیہ کو دیکھتے رہے اور سوند سکے ۔ بعد کو اس کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ میں تو یہی سمجھا کہ اس کے اندر مال ہے ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader