Urdu book · سفرنامہ غیر ملکی اسفار

امریکہ کا سفر

Urdu book, p. 322

By Maulana Wahiduddin Khan

ملکوتی کمپیوٹر اس کی مکمل چارج شیٹ اس کے سامنے رکھ دیں گے۔ مغربی دنیا میں شراب اس قدر عام ہے کہ عملاً شراب اور پانی میں کوئی فرق باقی نہیں ۔ میرے ہوٹل کے کمرے میں ایک چھوٹی الماری تھی جس کے اوپر لکھا ہوا تھا (Mini Bar) میں نے اس کو کھولا تو الماری کے تمام خانے مختلف قسم کے شراب کی بوتلوں سے بھرے ہوئے تھے ۔ جدید میڈیکل سائنس نے شراب کا مضر ہونا ثابت کر دیا ہے ۔ مگر جو چیز انسان کی عادت بن جائے اس کو چھوڑنا انسان کے لیے سب سے زیادہ مشکل کام ہوتا ہے ۔ ۱۰ دسمبر کی صبح کو جنیوا سے واپسی ہوئی ۔ جنیوا کا ہوائی اڈہ بے حد صاف اور منظم تھا ۔ ٹائلٹ سے لے کر نشانات راہ تک ہر چیز اتنی نفیس حالت میں تھی جو مجھے کسی اور ہوائی اڈے پر نظر نہیں آئی ۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ یہ کوئی استعمالی ایرپورٹ نہیں ہے بلکہ نمونہ کا ایرپورٹ ہے جو بنا کر نمائش کے لیے رکھ دیا گیا ہے ۔ ہندوستان کے مقابلہ میں سوئزرلینڈ کے وسائل بہت کم ہیں ۔ مگر محدود وسائل کے دانش مندانہ استعمال نے اس کو ہندوستان سے زیادہ خوبصورت ملک بنا دیا ہے ۔ دہلی کا جہاز پکڑنے کے لیے ہمیں فرینکفرٹ آنا تھا ۔ جنیوا سے فرینکفرٹ کا سفر لفتھانزا کی فلائٹ نمبر ۲۴۹ کے ذریعہ ہوا۔ یہ جرمن کمپنی کا جہاز تھا اور جرمنی کی ترقی کا پوری طرح نمائندہ تھا۔ اس وقت فضا میں گہرا بادل اور کہر چھایا ہوا تھا۔ آگے کی کوئی چیز دکھائی نہیں دیتی تھی۔ اس کے باوجود جہاز نے اپنا سفر اس طرح طے کیا جیسے اس کے پائلٹ کو سب کچھ دکھائی دے رہا ہو۔ اس قسم کا سفر موجودہ زمانہ میں وائرلیس کی ترقی کے ذریعہ ممکن ہوا ہے۔ ہوائی اڈہ پر خاص طرح کے رڈار ہوتے ہیں جو مسلسل ناقابل مشاہدہ ہریں پھینکتے رہتے ہیں۔ یہ لہریں ہوائی جہاز سے ٹکراتی ہیں اور اس کی اس طرح رہنمائی کرتی ہیں جیسے کوئی آنکھ والا کسی اندھے کا ہاتھ پکڑ کر اس کا سفر طے کرا رہا ہو۔ مادی اعتبار سے آج کا انسان اندھیرے میں سفر کرنے کے قابل ہوگیا ہے، مگر روحانی اعتبار سے وہ اجالے میں سفر کرنے کے قابل بھی نہ ہوسکا۔ فرینکفرٹ مغربی جرمنی کا ایک اہم صنعتی شہر ہے۔ اس کو رومیوں نے پہلی صدی قبل مسیح میں آباد کیا تھا تا ہم اس کو زیادہ شہرت نویں صدی عیسوی میں حاصل ہوئی جب کہ جرمن بادشاہوں

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page