ایک سفر
Urdu book, p. 327
By Maulana Wahiduddin Khan
ہے ۔ ۱۳۰ ملکوں میں اس کی شاخیں موجود ہیں۔ موجودہ نسخہ تین زبانوں (اطالوی، فرانسیسی، انگریزی) میں تھا۔ دیباچہ میں انجیل کو خدا کی حیرت ناک کتاب (Wonderful Book of God) بتایا گیا تھا۔ اس میں درج تھا کہ گیڈینز بنیادی طور پر چرچ کا ایک غیر فرقہ وارانہ تبلیغی بازو ہیں۔ وہ خدا کے کلام کے قیمتی بیج کو تمام دنیا کی زمینوں میں بورہے ہیں: The Gideons are essentially a nonsectarian missionary arm of the church, sowing the precious Seed, the Word of God, in the field of the World. مسلمان اپنی تقریروں اور تحریروں میں فخر کے ساتھ کہتے ہیں کہ مسیح کا پیغام صرف بنی اسرائیل کے لئے تھا اور اسلام کا پیغام ساری دنیا کے لئے ہے۔ مگر آج صورت حال یہ ہے کہ مسیحیت کو اس کے ماننے والوں نے ایک عالمی تبلیغی مذہب بنا دیا ہے۔ اور مسلمان کوئی ایک یا دوسری وجہ بتا کر اسلام کو عملاً صرف مسلمانوں کے لئے خاص کئے ہوئے ہیں۔ دعوت عام کا شعور مسلمانوں کے اکابر تک میں موجود نہیں۔ ۸ اکتوبر کو دن کا ابتدائی نصف حصہ خالی تھا۔ ہم لوگ دو گاڑیوں پر مالٹا کا قدیم شہر دیکھنے کے لئے روانہ ہوئے۔ ہمارے ساتھ رہنما کے طور پر ڈاکٹر پنزا (Giancarlo Penza) موجود تھے۔ مالٹا کا قدیم شہر عربوں نے بسایا تھا۔ یہ آج بھی مدینہ (Mdina) کے نام سے مشہور ہے۔ وہاں کئی چیزیں دیکھیں ۔ یہاں قدیم اشیاء کا ایک میوزیم ہے۔ اس میں بہت سی یادگار چیزیں رکھی ہوئی ہیں۔ ایک ممتاز آرٹ ورک وہ ہے جس میں حضرت مسیح کو نعوذ باللہ سولی پر مردہ حالت میں دکھایا گیا ہے۔ صلیب کی شکل کی ایک لکڑی ہے۔ اس پر ایک دبلا اور ننگا انسان اس طرح بنا یا گیا ہے کہ اس کے ہاتھ اور پاؤں میں کیلیں ٹھونکی ہوئی ہیں۔ جگہ جگہ سے خون بہہ رہا ہے۔ اس کا جسم مردہ کے انداز میں لٹک گیا ہے۔ واقعہ کے اعتبار سے اگرچہ وہ سراسر بے بنیاد ہے مگر خالص فنی اعتبار سے وہ نہایت کامیاب ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader