ایک سفر
Urdu book, p. 446
By Maulana Wahiduddin Khan
میں نے کہا کہ یہ خدا کی ایک نعمت ہے جو اس نے اپنے بندوں پر کی ہے۔ اس طرح اس نے یہ انتظام کر دیا کہ ہمارے لیے چوائس کا مسئلہ نہ رہے۔ ہم کو یہ سوچنا نہ پڑے کہ یہ مذہب صحیح ہے یا وہ مذہب صحیح ہے۔ میدان میں ایک ہی صحیح مذہب ہو اور کسی فتنے میں مبتلا ہوئے بغیر ہم اس واحد صحیح مذہب کو اختیار کر لیں ۔ اس طرح خدا نے ہم کو ایک نازک امتحان سے بچا لیا ہے جس پر ہمیں اس کا شکر گزار ہونا چاہئے۔ ۲۱ ستمبر کی صبح کو میں ایک عرب نوجوان کی رہنمائی میں وگن کی مسجد میں گیا۔ یہ یہاں کی واحد مسجد ہے اور اس کا نام مسجد طوبٰی ہے۔ یہ ہال کی مانند ہے۔ میں نے اس کے احاطہ کی پیمائش کی تو لمبائی میں وہ ۶۱ قدم اور چوڑائی میں ۴۵ قدم تھی۔ مسجد سادہ مگر خوبصورت تھی۔ اس کے اندر عربی کتابوں کا اچھا ذخیرہ موجود تھا۔ کئی الماریوں میں قرینہ کے ساتھ کتابیں رکھی ہوئی تھیں۔ یہاں ابن الجوزی البغدادی (۵۹۷ - ۵۰۸ھ) کی تفسیر زاد المیسر فی علم التفسیر (نو جلد) بھی موجود تھی۔ اس کو المكتب الاسلامی (ص ب 3771 / 11 ، بيروت) نے ۱۹۸۲ء میں اہتمام کے ساتھ شائع کیا ہے۔ مسجد کا اندرونی حصہ جس میں نماز ادا کی جاتی ہے وہ لمبائی میں ۲۵ قدم اور چوڑائی میں ۱۲ قدم تھا۔ مسجد میں دو رکعت تحیتہ المسجد پڑھی۔ نماز کے بعد کی دعا کے دوران میں نے کہا: رَبِّ لِمَا أَنْزَلْتَ إِلَى مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ ۔ حضرت موسٰی علیہ السلام کی زبان سے یہ الفاظ حالت سفر میں نکلے تھے۔ میں بھی اس وقت حالت سفر میں ہوں۔ اسی اشتراک کی بنا پر بے اختیارانہ یہ الفاظ زبان پر جاری ہوگئے۔ مجھے بتایا گیا کہ یہاں ابتدا اؤ چرچ تھا۔ چرچ والوں نے اس کو فروخت کر دیا۔ اس کے بعد یہ عمارت ایک انگریز کی ملکیت میں چلی گئی۔ بعد کو اس انگریز نے اس کو فروخت کرنا چاہا۔ مقامی مسلمانوں نے تقریباً ۲۰ ہزار پونڈ مسجد کے لئے جمع کئے تھے۔ انھوں نے چاہا کہ اس عمارت کو خرید کر اس کو مسجد کی صورت دے دیں۔ مگر عین اسی وقت ایک اور انگریز خریدار پیدا ہو گیا۔ وہ دگنا قیمت ۴۰ ہزار پونڈ دینے کے لئے تیار تھا۔ مگر جب عمارت کے مالک کو جو مسیحی تھا، یہ بتایا گیا کہ مسلمان اس کو خرید کر وہاں مسجد بنانا چاہتے ہیں تو وہ بہت خوش ہوا۔ اور انگریز کو ۴۰ ہزار پونڈیں دینے کے بجائے مسلمانوں کو صرف ۲۰ ہزار پونڈیں میں دے دیا۔ ایسا ہی ایک اور قصہ لندن میں میرے علم

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader