Urdu book · سفرنامہ اسپین و فلسطین

سفرنامہ اسپین

Urdu book, p. 99

By Maulana Wahiduddin Khan

ہے ۔ مسلم عہد کے ایک عالم فلکیات ابو القاسم مسلمہ ( وفات 1007ء) میڈ رڈ میں پیدا ہوئے تھے ۔ اسی لیے ان کو الجریتی کہا جاتا ہے۔ دور قدیم میں یہاں مسلمانوں کا ایک چھوٹا قلعہ تھا۔ یہ قلعہ اب میڈ رڈ میں موجود نہیں۔ مگر آج وہاں اس سے زیادہ شاندار ایک اسلامک سینٹر کھڑا ہوا ہے جو سعودی عرب کے مالی تعاون سے بنایا گیا ہے ۔ یہ موجودہ یورپ کا سب سے بڑا اسلامک سینٹر ہے۔ اس کی تعمیر پر 20 ملین ڈالر خرچ ہوئے ۔ وہ 20 ہزار اسکوائر میٹر رقبہ میں واقع ہے۔ قدرتی طور پر میری خواہش تھی کہ میں میڈ رڈ کے اس اسلامی مرکز میں جاؤں اور اس کی مسجد میں دو رکعت نماز پڑھوں۔ مگر چاہنے کے باوجود میں وہاں نہ جا سکا۔ یکم دسمبر کو میڈ رڈ سے روانگی کا دن تھا۔ مجھ کو اور کئی دوسرے لوگوں کو صبح کے وقت ایئر پورٹ جانا تھا۔ منتظمین کا نفرنس نے ہمارے لیے مشترک سواری کا انتظام کیا تھا۔ مگر میں مشترک سواری میں نہیں بیٹھا۔ اس کے بجائے میں نے یہ کیا کہ کچھ سویرے میں نے ہوٹل چھوڑ دیا اور ایک ٹیکسی لے کر روانہ ہوا۔ ٹیکسی والے سے میں نے کہا کہ تم مجھ کو سیدھے ایئر پورٹ نہ لے جاؤ، بلکہ اسلامک سینٹر کی طرف سے گزارتے ہوئے ایئر پورٹ لے چلو۔ اس نے ایسا ہی کیا۔ میڈ رڈ کے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے آخر کار میں وہاں پہنچا جہاں خوبصورت اور عالی شان اسلامی مرکز اسپین کی سرزمین پر کھڑا ہوا ہے ۔ اس کو دیکھ کر عجیب احساس ہوا۔ میں نے سوچا کہ ہندوستان میں کچھ مسلم دانشور مسلمانوں کو ڈرا رہے ہیں کہ تمہارے دشمن ہندوستان کو تمہارے لیے دوسرا اسپین بنانا چاہتے ہیں ۔ اس کے بجائے ان مسلم دانشوروں کو یہ کہنا چاہیے کہ اے مسلمانو! مطمئن رہو۔ جس دنیا میں پہلا اسپین بھی نہ بن سکا وہاں دوسرا اسپین آخر کیسے بنے گا۔ میڈ رڈ کے اسلامی مرکز کے ڈائریکٹر اس وقت ڈاکٹر عبد العزيز السرحان ہیں۔ انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے 96-1995ء کے لیے دو سالہ منصوبہ بنایا ہے ۔ اس دوران اساتذہ کی تربیت، عربی زبان کی تعلیم، اسلامی مسیحی ڈائیلاگ وغیرہ پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اکتوبر 1999ء میں امام ابن حزم کی یاد میں ایک بڑی کانفرنس کی جائے گی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page