تمہید
Urdu book, p. 3
By Maulana Wahiduddin Khan
بسم اللہ الرحمن الرحیم تمہید اس مجموعہ میں دو سفر نامے شامل کیے گئے ہیں _ اسپین کا سفر نامہ اور فلسطین کا سفر نامہ۔ دونوں سفر دوا لگ الگ وقت میں کیے گئے۔ تاہم دونوں میں بہت سی مشا بہتیں ہیں۔ اس لیے مناسب معلوم ہوا کہ دونوں کو ایک ساتھ شائع کیا جائے۔ یہ سفر نامہ صرف سفر نامہ ہے، وہ اسپین یا فلسطین کی تاریخ نہیں۔ راقم الحروف کے لیے یہ دونوں سفر اکتشافی نوعیت کے تھے۔ اس نے اس سفر کے دوران اسپین اور فلسطین کو از سر نو دریافت کیا۔ ان سفر ناموں میں اس کے اسی اکتشافی پہلو کو نمایاں کیا گیا ہے۔ جو لوگ ان ملکوں کی تاریخی تفصیلات جاننا چاہیں وہ متعلقہ کتابوں میں اسے دیکھ سکتے ہیں۔ اندلس یا مسلم اسپین کی تاریخ، دوسرے اکثر مسلم ملکوں کے مقابلہ میں، غالباً سب سے زیادہ پُر از واقعات ہے۔ اندلس میں ہر قسم کے واقعہ کی مثال موجود ہے۔ فتح کی مثالیں بھی اور شکست کی مثالیں بھی، ترقی کی بھی اور تنزلی کی۔ مادیات کی بھی اور روحانیات کی بھی۔ علمی اور فکری بھی اور عملی اور انقلابی بھی۔ گرنے کی بھی اور گرنے کے بعد دوبارہ اٹھ جانے کی بھی۔ اسپین کا موجودہ سفر نامہ سادہ معنوں میں صرف ایک سفر نامہ نہیں ہے۔ وہ ملت کی طویل تاریخ کے ایک نمائندہ صفحہ کا مطالعہ ہے اور اسی کے ساتھ ملت کی نشاۃ ثانیہ کے لیے مہمیز بھی۔ وہ ماضی کا مرقع اور حال کی رہنمائی ہونے کے ساتھ مستقبل کی نوید بھی ہے۔ اسپین میں مسلمانوں کا داخلہ بڑا عجیب تھا۔ وہاں انہوں نے جو ترقیاں کیں وہ بھی اپنے زمانہ کے لحاظ سے استثنائی حد تک عجیب تھیں۔ اس کے بعد وہاں سے مسلم اقتدار کا خاتمہ بھی عجیب انداز سے ہوا۔ مگر ان سب سے زیادہ عجیب بات یہ ہے کہ غیر معمولی قسم کی مخالفانہ کارروائیوں کے باوجود اسلام وہاں موجود رہا اور آج بھی مزید اضافہ کے ساتھ وہاں موجود ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader