تمہید
Urdu book, p. 4
By Maulana Wahiduddin Khan
مسلم اسپین کا مطالعہ کوئی تاریخی المیہ کی صورت میں کرتا ہے اور کوئی فردوس گم گشتہ کی صورت میں۔ لیکن زیر نظر سفر نامہ میں مسلم اسپین کا مطالعہ سبق اور نصیحت کے اعتبار سے کیا گیا ہے۔ بظاہر وہ سفر نامہ ہے مگر حقیقت کے اعتبار سے ایک مکمل نصیحت نامہ۔ یہی معاملہ فلسطین کا ہے۔ فلسطین میں اسلام کی تاریخ اتنی ہی طویل ہے جتنا کہ خود اسلام کی تاریخ طویل ہے۔ اسلام ابھی مکہ میں تھا کہ پیغمبر اسلام کا وہ واقعہ پیش آیا جس کو اسراء کہا جاتا ہے۔ یہ خدائی انتظام کے تحت ہونے والا ایک سفر تھا جس میں آپ مکہ سے روانہ ہو کر یروشلم پہنچے اور یہاں تمام نبیوں کے ساتھ نماز ادا فرمائی۔ اس کے بعد خلیفہ ثانی عمر فاروق کے زمانہ میں فلسطین اسلامی مملکت میں شامل ہوا۔ مختلف وجہوں سے یہ ایک انتہائی غیر معمولی واقعہ تھا۔ چنانچہ اس وقت سے لے کر اب تک یہ علاقہ طرح طرح کے نشیب و فراز سے دوچار ہوتا رہا ہے۔ تاریخ کے بہت سے باب یہاں بند ہو گئے اور غالباً تاریخ کے بہت سے نئے باب یہاں کھلنے والے ہیں۔ اس سے تعلق رکھنے والی ماضی اور حال کی داستانیں بھی ہیں اور مستقبل کی بابت پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشین گوئیاں بھی۔ اس طرح زیر نظر یہ دو سفر نامے اسلام کی وسیع تاریخ کا دواہم صفحہ ہیں۔ ان میں انفرادی پہلوؤں کے ساتھ باہم خاص مناسبت بھی ہے۔ اس لیے دونوں سفر ناموں کو ایک ساتھ شائع کیا جا رہا ہے۔ وحید الدین

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader