Urdu book · سفرنامہ اسپین و فلسطین

سفرنامہ اسپین

Urdu book, p. 50

By Maulana Wahiduddin Khan

ہے (181) اقبال نے اس تاریخی اور تاریخ ساز مسجد کی ساخت میں بیکراں جذبات اور حسن کی یکتائی کا معائنہ کیا۔ اس منظر نے مومن شاعر کے نازک جذبات کے تار چھیڑ دیے جس کے نتیجہ میں وہ لافانی نغمہ دنیا نے سنا جسے ہم مسجد قرطبہ والی نظم میں گونجتا ہوا پاتے ہیں‘‘(168) یہ بڑی عجیب بات ہے کہ کائنات کی عظیم تر نشانیاں جن کو قرآن میں ”آلاء اللہ‘‘ (7:74) کہا گیا ہے ۔ وہ اقبال کے نازک جذبات کے تار کو چھیڑنے میں ناکام رہیں۔ البتہ مسجد قرطبہ کے درو دیوار کو دیکھنا ان کے جذبات کے تاروں کو چھیڑنے کا سبب بن گیا۔ حالاں کہ حدیث میں ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مَا أُمِرْتُ بِتَشْيِيدِ الْمَسَاجِد (مجھ کو بلند و بالا مسجدیں بنانے کا حکم نہیں دیا گیا) اس حدیث کو بیان کرنے کے بعد عبداللہ بن عباس نے کہا: لَتُزَخْرِفُنَّهَا كَمَا زُخْرِفَتِ الْيَهُودُ وَالنَّصَارَى (تم بھی مسجدوں کو اسی طرح مزین کرو گے جس طرح یہود و نصاریٰ نے مزین کیا) سنن ابو داؤد، حدیث نمبر 448۔ ایک اور روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت نہیں آئے گی یہاں تک کہ لوگ (مسجدوں کی تعمیر پر) ایک دوسرے سے فخر کریں (لاَ تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى يَتَبَاهَى النَّاسُ فِي الْمَسَاجِدِ) سنن ابی داؤد، حدیث نمبر 449۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر آدمی کے اندر بصیرت و معرفت موجود ہو تو زمین پر کھڑا ہوا ایک خدائی درخت اس سے زیادہ وجد کی کیفیت پیدا کر دینے والا ہے جتنا کہ کوئی انسانی عمارت ۔ آبنائے جبرالٹر شرق اور غرب کا سب سے قریبی نقطۂ اتصال ہے۔ چنانچہ اسلام اولاً یہیں سے مغربی دنیا میں داخل ہوا۔ اس راستہ سے مسلمانوں کا پہلا قافلہ 27ھ میں اندلس (اسپین) پہنچا۔ یہ حضرت عثمان کی خلافت کا زمانہ تھا۔ اس سے پہلے مسلم دستہ کے سربراہ عبداللہ بن نافع الفہری تھے۔ اس کے بعد دوسرا قابل ذکر مسلم دستہ 91ھ میں اسپین میں داخل ہوا۔ یہ موسیٰ بن نصیر کے ماتحت سردار طریف تھے جو پانچ سو آدمیوں کے ساتھ اسپین کے ساحل پر اترے۔ یہ کوئی فوجی مہم نہیں تھی بلکہ وہ صرف دریافت حال کے لیے اسپین کے علاقہ میں بھیجی گئی تھی۔ اس کے اگلے سال 92ھ میں طارق بن زیاد کی مہم روانہ ہوئی۔ ابتداء اس کے ساتھ سات ہزار

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page