Urdu book · شتم رسول کا مسئلہ

پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا

Urdu book, p. 90

By Maulana Wahiduddin Khan

غیر متعصبانہ ذہن کے تحت اسلام کا مطالعہ کرنے لگے، اور بالآخر وہ خدا کی رحمتوں کے سائے میں آجاتے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ مختلف اسباب کے تحت موجودہ مغربی دنیا میں اسلامی دعوت کے نئے امکانات کھلے ہیں، اسی کے ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ موجودہ مسلم رہنماؤں نے نہ ان جدید امکانات کو دیکھا اور نہ وہ ان کو استعمال کرسکے۔ کچھ لوگ رنگ کے اندھے (colour-blind) ہوتے ہیں انہیں ایک رنگ دکھائی دیتا ہے اور دوسرا رنگ بالکل نظر نہیں آتا۔ اسی طرح موجودہ مسلم رہنما دعوت کے اندھے (dawah-blind) ثابت ہوئے ہیں۔ انہیں ہر دوسری چیز دکھائی دیتی ہے، مگر دعوت کا معاملہ انہیں نظر نہیں آتا۔ یہی وجہ ہے کہ مسلم رہنما دعوت کے امکانات سے بالکل بے خبر ہیں۔ البتہ اگر کوئی شخص ایسی حرکت کر دے جس سے ان کے قومی وقار کو ٹھیس پہنچے تو اس کو وہ مبالغہ آمیز شدت کے ساتھ فوراً محسوس کر لیتے ہیں۔ دعوتی امکانات کے بارے میں اپنے اندھے پن کی وجہ سے وہ ایک بار بھی دعوت کے لیے سرگرم نہ ہو سکے۔ دوسری طرف وہ اپنی قومی توہین کے معاملہ میں اپنی بے جا سرگرمیوں کے ذریعہ پوری دنیا کو گردآلود بنارہے ہیں۔ اگر خدا کا دین وہی ہے جو قرآن اور حدیث میں بتایا گیا ہے، تو یقینی طور پر مسلم رہنماؤں کی یہ سرگرمیاں صرف مجرمانہ سرگرمیاں ہیں، وہ کسی بھی درجہ میں خدا اور رسول کا مطلوب کام نہیں۔ ان جھوٹی سرگرمیوں کے نتیجہ میں موجودہ مسلم رہنماؤں کو جو شہرت اور قیادت مل رہی ہے، اس نے انہیں اس قابل نہیں رکھا ہے کہ وہ نصیحت کی کوئی بات سن سکیں ۔ مگر عنقریب وہ وقت آنے والا ہے جب کہ فرشتے کی چنگھاڑ کے ذریعہ یہ حقیقت زمین اور آسمان کے اندر گونجے گی، اس وقت وہ اس کو مان لیں گے۔ اگرچہ اس وقت کا ماننا ان کے کچھ کام نہ آئے گا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page