Urdu book · سوشلزم اور اسلام

حصہ اول تمہید

Urdu book, p. 16

By Maulana Wahiduddin Khan

کی کوئی حقیقت نہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ اشتراکیت نظری اور عملی دونوں اعتبار سے ناکام ہو چکی ہے ۔ باعتبار حقیقت اب وہ تاریخ کے خانہ میں جا چکی ہے ، خواہ اشتراکی حضرات اپنی زبان سے اس کا اقرار کریں یا اس کا اقرار نہ کریں۔ موجودہ زمانہ میں مارکسی نظریہ کی مقبولیت کا راز اس کی فکری صداقت میں نہیں بلکہ وقت کے رجحان سے اس کی مطابقت میں تھا ۔ یہ زمانہ سائنس کے غلبہ کا زمانہ تھا ۔ انسان ہر چیز کو سائنس کی اصطلاحوں میں سمجھنا چاہتا تھا۔ مارکس نے جب " سائنٹفک سوشلزم " کا نعرہ لگایا تو وقتی رجحان سے مطابقت کی بنا پر لوگ اس کی طرف متوجہ ہو گئے ۔ باعتبار حقیقت ، مارکس ایک برائی کے بعد دوسری شدید تر برائی کا نظام پیش کر رہا تھا۔ مگر سائنسی اصطلاحیں استعمال کرنے کی وجہ لوگوں نے سمجھ لیا کہ وہ اقتصادی مسئلہ کا سائنسی حل پیش کر رہا ہے ۔ معاش کا مسئلہ ایک سادہ انسانی مسئلہ ہے۔ مگر کہیں اس کو مصنوعی انسانی فلسفوں نے پیچیدہ بنا رکھا ہے اور کہیں بے قید انسانی خود غرضی نے ۔ معاش کے مسئلہ کو اگر جھوٹے انسانی نظریات سے آزاد کرکے اس کو اس کی فطری بنیادوں پر قائم کر دیا جائے تو وہ اس طرح ایک حل شدہ مسئلہ بن جائے گا جیسے کہ اس کے اندر کوئی پیچیدگی ہی نہ تھی ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page