Urdu book · صبح کشمیر

صبح کشمیر

Urdu book, p. 41

By Maulana Wahiduddin Khan

کے تحت اُن کو بار بار دوسری قوموں سے مصالحانہ تعلق قائم کرنا پڑتا ہے۔ چناں چہ اُن کا حال یہ ہے کہ وہ نفرت کی اِس سوچ کو باقی رکھتے ہوئے دوسری قوموں سے سماجی اور اقتصادی تعلقات قائم کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ دل میں نفرت رکھتے ہوئے وہ لوگوں کے ساتھ دوستانہ انداز اختیار کرتے ہیں۔ یہ بلا شبہ دو عملی ہے، اور دو عملی ہی کا دوسرا نام منافقت ہے۔ یک طرفہ رپورٹنگ ، یعنی کسی واقعے کے ایک پہلو کو بیان کرنا اور دوسرے پہلو کو بیان نہ کرنا کوئی سادہ بات نہیں۔ اِس کے بے شمار نقصانات ہیں— اِس طرح کی رپورٹنگ سے آدمی کے اندر غیر سنجیدگی پیدا ہوتی ہے۔ سچ اور جھوٹ میں فرق کرنے کی صلاحیت اِس کے اندر سے ختم ہو جاتی ہے۔ وہ قومی عصبیت میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ معاملات میں حقیقت پسندانہ مزاج اِس کے اندر باقی نہیں رہتا۔ دوسروں کے لیے خیر خواہی کا جذبہ اِس کے اندر سے ختم ہو جاتا ہے۔ وہ منفی سوچ میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ اِس کے اندر پہلے شکایتی مزاج پیدا ہوتا ہے، اِس کے بعد وہ لوگوں سے نفرت کرنے لگتا ہے۔ آخر میں وہ متشددانہ کارروائی کو اپنے لیے جائز سمجھ لیتا ہے— شراب اگر جسمانی اعتبار سے، اُم الخبائث ہے، تو یک طرفہ رپورٹنگ سوچ کے اعتبار سے، اُم الخبائث کی حیثیت رکھتی ہے۔ عمومی فتنہ قرآن کی سورہ الانفال میں ارشاد ہوا ہے: واتقوا فتنة لا تصيبن الذين ظلموا منكم خاصة۔ یعنی ڈر و اُس فتنے سے، جو خاص اُنھیں لوگوں پر واقع نہ ہوگا جو تم میں سے غلط کاری کے مرتکب ہوئے ہیں: Beware of an affliction that will not smite exclusively those among you who have done wrong.(8: 25) قرآن کی اِس آیت میں ’فتنے‘ سے مراد خدائی فتنہ نہیں ہے، بلکہ انسانی فتنہ ہے، یعنی اشتعال کی وہ صورت حال جو ایک انسان یا بعض انسانوں کے نا عاقبت اندیشانہ عمل کے ذریعے پیدا ہوئی ہو۔ اِس طرح کی صورت حال جب کسی سماج میں پیدا ہو جائے تو اُس کے بعد وہاں جو شورش بر پا ہوگی، اِس کا برا انجام انتخابی طور پر پیش نہیں آئے گا، بلکہ اِس کا برا انجام عمومی طور پر پورے سماج کو بھگتنا پڑے گا۔ مثال کے طور پر ایک شہر میں غیر مسلموں کی ایک عبادت گاہ ہے۔ وہاں لاؤڈ اسپیکر پر اُن کا کوئی پروگرام ہو رہا ہے۔ اب اگر کچھ مسلمانوں کو اِس پر شکایت پیدا ہو، وہ غیر مسلم عبادت گاہ میں جا کر اُن سے

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page