تعمیر حیات
Urdu book, p. 255
By Maulana Wahiduddin Khan
کے ساتھ کوئی مسئلہ پیش آئے ، اور آپ اس کو زیادتی سمجھیں تو اس سے شکایت اور احتجاج کا ذہن پیدا ہوگا۔ حتیٰ کہ یہ ذہن آپ کو یہاں تک لے جاسکتا ہے کہ آپ مایوسی کا شکار ہو جائیں ۔ آپ یہ سمجھ لیں کہ موجودہ ماحول میں آپ کے لیے کچھ کرنا ممکن ہی نہیں۔ شکایت کا ذہن مایوسی تک لے جاتا ہے ، اور مایوسی کا ذہن نفسیاتی خودکشی تک۔ اس کے برعکس ، اگر آپ کا یہ حال ہو کہ جب کوئی مسئلہ پیش آئے تو آپ اس کو اپنے لیے ایک چیلنج سمجھیں ، تو اس سے آپ کی سوئی ہوئی صلاحیتیں بیدار ہوں گی۔ آپ کے اندر حالات سے مقابلہ کرنے کا حوصلہ پیدا ہوگا۔ اول الذکر صورت میں آپ کا ذہن اگر منفی رخ پر چل رہا تھا تو اب آپ کا ذہن تمام تر مثبت رخ پر چل پڑے گا — یہی ایک لفظ میں ، موجودہ دنیا میں کامیابی اور ناکامی کا راز ہے۔ اس دنیا میں جو شخص مسائل سے شکایت اور احتجاج کی غذا لے ، اس کے لیے یہاں بربادی کے سوا کوئی اور چیز مقدر نہیں۔ اس کے برعکس جس شخص کا حال یہ ہو کہ مسائل کا سامنا پیش آنے کے بعد اس کا ذہن تدبیر تلاش کرنے میں لگ جائے ، وہ لازماً کامیاب ہو کر رہے گا ، کیوں کہ اس دنیا میں ہر مسئلہ کا ایک حل ہے اور ہر مشکل کی ایک تدبیر۔ غیر معمولی انسان وان وورسٹ (Bruce van Voorst) ایک امریکی جرنلسٹ ہے۔ اس نے جنگی رپورٹر کی حیثیت سے شہرت حاصل کی ہے۔ ڈامی نیکن (Dominican Republic) کی جنگ ، ایرانی انقلابیوں کی شاہ کے خلاف جنگ ، عراق اور ایران کی جنگ اور خلیجی جنگ (1991) میں اس نے میدان جنگ میں پہنچ کر براہ راست رپورٹنگ کی ہے۔ ٹائم میگزین (4 فروری 1991) میں وان وورسٹ کے کچھ تجربات شائع کیے گئے

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader