تعمیر حیات
Urdu book, p. 258
By Maulana Wahiduddin Khan
مواقع موجود ہیں ۔ ہندوستان میں یہ اسکوپ ہے کہ یہاں چیلنج کی صورت حال پائی جاتی ہے جو آدمی کی فطری صلاحیتوں کو آخری حد تک جگادیتی ہے ۔ اور پہلے اسکوپ کے مقابلے میں دوسرا اسکوپ بلاشبہ کہیں زیادہ قیمتی ہے۔ وقت کی اہمیت لارڈ چسٹر فیلڈ (Lord Chesterfield) 1694 میں لندن میں پیدا ہوا ، اور 1773 میں وہیں اس کی وفات ہوئی ۔ اس نے اپنے لڑکے فلپ اسٹین ہوپ کے نام بہت سے خطوط لکھے تھے۔ ان خطوط میں زندگی کی کامیابی کا ”آرٹ“ بتایا گیا تھا۔ یہ خطوط اس کے بعد چھاپ دیے گئے ہیں۔ ایک خط میں لارڈ چسٹر فیلڈ نے لکھا میں نے تم سے کہا ہے کہ تم منٹوں کی حفاظت کرو، کیوں کہ گھنٹے اپنے آپ اپنی حفاظت کرلیں گے : I recommend you to take care of the minutes, for the hours will take care of themselves. اگر آپ اپنے منٹ کو ضائع نہ کریں تو گھنٹے اپنے آپ ضائع ہونے سے بچ جائے گا ، کیوں کہ منٹ منٹ کے ملنے ہی سے گھنٹہ بنتا ہے۔ جس آدمی نے جزء کا خیال رکھا، اس نے گویا کل کا بھی خیال رکھا۔ کیوں کہ جب بہت سا جزء اکٹھا ہوتا ہے تو وہی کل بن جاتا ہے۔ بیشتر لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ زیادہ کی فکر میں کم کو بھولے رہتے ہیں ۔ وہ اپنے ذہن کو بہت کی طرف اتنا زیادہ لگاتے ہیں کہ تھوڑے کی طرف سے ان کی نگاہیں ہٹ جاتی ہیں۔ مگر آخری نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ انھیں کچھ بھی نہیں ملتا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader