تعمیر حیات
Urdu book, p. 69
By Maulana Wahiduddin Khan
کتابوں سے استفادہ کرنے میں لگا ہوا ہو۔ کتاب بہترین دماغوں کا ریکارڈ ہے۔ کتاب اعلیٰ انسانوں کی نمائندہ ہے۔ کتاب علم کا خزانہ ہے۔ اور بلا شبہ اس دنیا میں علم کے خزانہ سے بڑی کوئی چیز نہیں۔ آغاز و انجام اگر آپ نے اپنے آغاز کو پایا تو آپ اپنے اختتام کو بھی پاسکتے ہیں۔ کیونکہ صحیح آغاز ہی کا دوسرا نام صحیح اختتام ہے۔ آدمی اگر صحیح رخ پر چل پڑے تو وہ منزل پر پہنچ کر رہتا ہے۔ منزل پر نہ پہنچنا ہمیشہ اس وقت ہوتا ہے جب کہ آدمی نے اپنے سفر کا آغاز الٹی سمت میں کر دیا ہو۔ کائنات کا پورا نظام اس طرح بنایا گیا ہے کہ یہاں جب بھی کوئی شخص ایک درست عمل کا آغاز کرے تو پوری کائنات اس کو تکمیل تک پہنچانے میں لگ جائے۔ باغبان ایک بیج زمین میں ڈالتا ہے تو دنیا کا پورا نظام اس کو پروان چڑھانے میں لگ جاتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ اپنے کمال کے درجہ کو پہنچ کر پورا درخت بن کر کھڑا ہو جائے۔ اسی طرح اس دنیا میں جب کوئی آدمی ایک صحیح عمل کا آغاز کرتا ہے تو دنیا کا پورا نظام اس کی مدد پر آ جاتا ہے۔ ہر چیز اس کا ساتھ دینے لگتی ہے تا کہ وہ اپنے عمل کو اس کی تکمیل کے مرحلہ تک پہنچا سکے۔ اگر کوئی شخص دیکھے کہ اس کا شروع کیا ہوا عمل ترقی نہیں کر رہا ہے تو اس کو خود اپنی کارکردگی اور اپنے منصوبہ پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔ یقینی طور پر اس کی اپنی طرف کوئی کوتاہی ہوگی۔ جس نے اس کے شروع کیے ہوئے عمل کو مطلوبہ انجام تک پہنچنے نہیں دیا۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ اقدام کرنے سے پہلے خوب اچھی طرح سوچ لے۔ وہ حقیقت پسندانہ جائزہ کے بعد اپنا منصوبہ بنائے۔ اور جب اپنے منصوبہ پر عمل در آمد شروع کرے تو اپنے آپ کو اس میں لگانے میں کوئی کمی نہ کرے۔ آدمی نے اگر ان شرطوں کو پورا کر دیا تو

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader