Urdu book · تعمیر حیات

تعمیر حیات

Urdu book, p. 70

By Maulana Wahiduddin Khan

اس کے بعد مستقبل میں جو چیز بر آمد ہوگی وہ وہی ہوگی جس کی طلب وہ اپنے سینہ کے اندر لیے ہوئے ہے۔ ڈور کے ابتدائی سرے کو پانا ہی ڈور کے آخری سرے کو پالینا ہے۔ ڈور کے ابتدائی سرے کو مضبوطی سے تھام لیجیے۔ اس کے بعد ڈور کا آخری سرا بھی آپ کے ہاتھ میں آ کر رہے گا۔ وہ آپ سے جدا ہونے والا نہیں۔ صحیح اختتام کے سوا صحیح آغاز کی اور کوئی منزل نہیں۔ مستقبل کو دیکھیے جب آدمی کا ماضی اور حال لٹ ہو چکا ہو، اس وقت بھی اس کا مستقبل محفوظ رہتا ہے۔ ایک شخص کسی کا ماضی اور حال چھین سکتا ہے، مگر کوئی شخص کسی کا مستقبل چھینے پر قادر نہیں۔ ماضی کی محرومی واقع ہو چکی، حال کی محرومی واقع ہو رہی ہے، مگر مستقبل وہ زمانہ ہے جو ابھی آنے والا ہے۔ مستقبل میں وہ تمام مواقع مزید اضافے کے ساتھ موجود ہیں جو ماضی اور حال میں آپ کے لیے ممکن تھے۔ اس لیے اگر آپ نے ماضی اور حال کو کھودیا ہو تو اس کا غم نہ کیجیے۔ مستقبل کے اعتبار سے از سر نو اپنے عمل کی منصوبہ بندی کیجیے۔ ہو سکتا ہے کہ آئندہ آپ اتنی بڑی کامیابی حاصل کریں جو ماضی اور حال کے تمام نقصانات کی تلافی کر دے۔ زندگی کے رازوں میں سے ایک راز یہ ہے کہ آدمی کے اندر بھلا دینے کی طاقت ہو۔ اگر آپ کا ماضی اور حال برباد ہو گیا ہو تو اس کو بھلا دیجیے۔ پچھلی بربادی کو بھلانا آپ کے اندر یہ عزم پیدا کرے گا کہ آپ اپنی پوری طاقت کو نئے مستقبل کی تعمیر میں لگا دیں۔ زمانہ اگر ٹھہرا ہوا ہوتا تو آپ کو بھی ٹھہر نا پڑتا۔ اس کے بعد آپ کی محرومی ابدی محرومی بن جاتی۔ مگر زمانہ ٹھہرا ہوا نہیں ہے، زمانہ حرکت میں ہے ۔ یہ بہت بڑی نعمت ہے۔ اس کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے کہ ایک موقع کے کھوتے ہی دوسرا موقع سامنے آ جاتا ہے۔ ایک

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page