اسلام کا رول
Urdu book, p. 174
By Maulana Wahiduddin Khan
اسلام کا رول اسلام کا تاریخی رول اتنا عظیم ہے کہ ایک مورخ نے اس کو تمام معجزات سے بڑا معجزہ (miracle of all miracles) قرار دیا ہے۔ جن اہل علم نے بھی اس مسئلہ کا بے لاگ مطالعہ کیا ہے انھوں نے غیر معمولی انداز میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انسانی تاریخ میں اسلام کارول اتنا عظیم رہا ہے کہ اس کی کوئی دوسری مثال نہیں۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ اسلام کے ظہور سے پہلے پچھلے تمام معلوم زمانوں میں انسان کسی بھی میدان میں کوئی بڑی ترقی نہ کر سکا۔ دنیا کی تمام بڑی بڑی ترقیاں اسلام کے بعد ظہور میں آئی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلام ہی کے ذریعہ پہلی بار انسانی ترقیوں کے وہ تمام دروازے کھلے جو ہزاروں سال سے بند پڑے ہوئے تھے۔ یہ کوئی اتفاقی بات نہیں۔ اصل یہ ہے کہ اسلام خدا کا بھیجا ہوا وہ دین ہے جو آج بھی مکمل طور پر اپنی اصل حالت میں محفوظ ہے۔ یہ دین کائنات میں قائم شدہ فطرت کے وسیع تر نظام سے کامل مطابقت رکھتا ہے۔ خالق کائنات نے اسلام کی صورت میں وہ تمام بنیادی اصول ہمیں دے دئے ہیں جو خدا کی اس دنیا میں زندگی کی تعمیر کے لئے صحیح ترین اساس کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام وہ صالح انقلاب لانے میں کامیاب ہو اجواب تک ممکن نہیں ہوا تھا۔ یہ معاملہ در اصل صحیح آئیڈیالوجی اور غلط آئیڈیالوجی کا معاملہ ہے۔ اس دنیا میں صرف دو قسم کی آئیڈیالوجی ممکن ہے۔ ایک ہے، توحید پر مبنی آئیڈیالوجی اور دوسری، شرک و الحاد پر مبنی آئیڈیالوجی۔ اول الذکر حقیقی اور ثانی الذکر غیر حقیقی۔ اسلام سے پہلے ہزاروں سال سے دنیا میں غیر موحدانہ تصور حیات پھیلا ہوا تھا۔ اس غیر حقیقی تصور نے انسانیت کے اوپر ہر قسم کی ترقیوں کو روک رکھا تھا۔ اسلام نے تاریخ میں پہلی بار یہ کیا کہ عظیم جدوجہد کے ذریعہ غیر موحدانہ تصور کی بالا دستی ختم کردی اور اس کی جگہ موحدانہ تصور حیات کو فکری و عملی برتری دے

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader