جھگڑے سے ہٹ کر اپنی تعمیر کیجئے
Urdu book, p. 17
By Maulana Wahiduddin Khan
جھگڑے سے ہٹ کر اپنی تعمیر کیجئے بے وقوف کسان نے مینڈ کے جھگڑے کو مینڈ پر طے کرنے کی کوشش کی۔ جس کا نتیجہ صرف یہ ہوا کہ بے شمار نئے نئے جھگڑے کھڑے ہو گئے۔ اور پہلا جھگڑا بھی طے نہ ہوا۔ عقلمند کسان کو اپنے پڑوسی سے مینڈ کا جھگڑا پیش آیا تو اس نے مینڈ کو چھوڑ دیا۔ وہ اس کوشش میں لگ گیا کہ اپنے نقیہ کھیتوں اور باغوں کو ترقی دے۔ اس طریق کار کا شاندار نتیجہ برآمد ہوا۔ بالآخر اس نے نہ صرف اپنی کھوئی ہوئی مینڈ حاصل کرلی بلکہ اس قابل ہوگیا کہ پہلے سے بھی زیادہ بڑی جائیداد اپنے لئے خرید لے۔ ناکافی تیاری کے ساتھ کیا ہوا اقدام مسئلہ کو پہلے سے زیادہ سنگین بنا دیتا ہے شیر اپنی فطرت کے اعتبار سے انسان خور نہیں ہوتا۔ کسی شیر کو انسان خور بنانے والے اکثر وہ غیر ماہر شکاری ہوتے ہیں جو شیر پر گولی چلاتے ہیں مگر ان کی گولی صحیح نشانہ پڑنے کے بجائے الٹی ہوئی نکل جاتی ہے۔ اس قسم کا شیر انسان دشمن ہو جاتا ہے ۔ وہ جہاں کہیں انسانی شکل کو دیکھتا ہے، اس پر حملہ کرکے اسے کھا جاتا ہے ۔ اسی طرح اگر آپ اپنے حریف پر ایسے اقدامات کریں جو ناکافی تیاری کی وجہ سے فیصلہ کن نہ بن سکیں تو اس قسم کا ہر اقدام آپ کے حریف کو پہلے سے زیادہ مشتعل کرکے آپ کے مسئلہ کو اور زیادہ سنگین بنادے گا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader