Urdu book · تعمیرِ شخصیت

تعمیرِ شخصیت

Urdu book, p. 247

By Maulana Wahiduddin Khan

وہ آگے کی طرف اپنا سفر طے نہیں کر پاتا۔ آدمی کی عجلہ پسندی اس کو آخرت کی نعمتوں سے محروم کرنے کا سب سے بڑا سبب ہے۔ یہی دنیا کا معاملہ بھی ہے۔ دنیا میں حقیقی کامیابی صبر سے ملتی ہے، نہ کہ جلد بازی سے۔ صبر، محاسبہ، توسم ایمان کے بعد مطلوب زندگی کی تعمیر کے لیے تین بنیادی چیزوں کی ضرورت ہے۔ ان تینوں چیزوں کو اختیار کیے بغیر کوئی شخص سچا مومن نہیں بن سکتا۔ وہ تین چیزیں یہ ہیں : صبر، محاسبہ، توسم۔ ایمان لانے کے بعد ہر مومن کے لیے سب سے پہلا مرحلہ یہ پیش آتا ہے کہ اپنے ماحول کے اندر وہ کس طرح مومنانہ زندگی گزارے۔ قانونِ فطرت کے مطابق، یہاں ہر لمحہ غیر موافق باتیں پیش آتی ہیں، ایسی باتیں جو آدمی کو بے برداشت کر دیں۔ ایسے تمام مواقع پر آدمی کو صبر کرنا پڑتا ہے، تا کہ انحراف کے بغیر وہ مسلسل طور پر ایمان کے راستے پر قائم رہے۔ دوسری چیز محاسبہ (introspection) ہے۔ امتحان کی اس دنیا میں آدمی بار بار غلطی کرتا ہے۔ اُس وقت ضرورت ہوتی ہے کہ بے لاگ محاسبہ کر کے اپنی اصلاح کی جاتی رہے۔ فوری محاسبہ کے اس عمل کے بغیر یہ ہوگا کہ غلطیاں آدمی کی شخصیت کا حصہ بن جائیں گی اور پھر وہ کبھی اس سے جدا نہ ہوں گی۔ اس سلسلے میں تیسری چیز توسم ہے۔ توسم کا مطلب ہے۔ غور و فکر کی زندگی گزارنا، اپنے تجربات اور اپنے آس پاس کی دنیا سے مسلسل طور پر نصیحت اور سبق لیتے رہنا۔ یہ توسم مومن کے لیے اس کی ایمانی غذا ہے۔ مسلسل توسم کے بغیر کوئی شخص اپنے آپ کو ایمانی ترقی کے راستے کا مسافر نہیں بنا سکتا۔ اسلامی زندگی، ایمان سے شروع ہوتی ہے۔ مگر ایمان، اسلامی زندگی کا صرف آغاز ہے،

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page