Urdu book · تعمیرِ شخصیت

سوال وجواب

Urdu book, p. 482

By Maulana Wahiduddin Khan

سوال مولاناصاحب ، میں نے آپ کی آن لائن کافی تقریریں سنی ہیں۔ لیکن میرا سوال یہ ہے کہ ہم کیا کریں ، ہم اپنی اصلاح کا سفر کہاں سے شروع کریں ۔ پاکستان کے حالات میں آپ ہماری اصلاح کے لیے کیا رہنمائی تجویز فرمائیں گے ۔ ( بشریٰ عامر ، پاکستان) جواب سب سے پہلے آپ یہ کیجیے کہ اپنے اندر مکمل معنوں میں مثبت ذہن کی تعمیر کریں ، ایک ایسا ذہن جو منفی سوچ سے پوری طرح خالی ہو۔ اس کے بعد دوسرا کام یہ ہے کہ آپ افراد کی سطح پر دوسروں میں بھی مثبت سوچ والے انسان بنانے کی کوشش کریں ، اور جب آپ کو ایسے کچھ ساتھی مل جائیں تو ہفتے وار اجتماع کی شکل میں اُن کو منظم کرنے کی کوشش کریں۔ میرا مشورہ یہ ہے کہ آپ حقیقت پسند (realist) بنیں ، رومانی تصورات میں جینے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ آپ امت کے ماضی کی عظمت کے خول سے مکمل طور پر باہر آ جائیں ، ورنہ آپ کے لیے کبھی بھی اپنی اصلاح ممکن نہ ہوگی۔ سوال کہا جاتا ہے کہ امریکا اور افغانستان کی جنگ میں امریکا ناکام ہو گیا اور افغانستان جیت گیا ۔ وہ اس طرح کہ اگر دو فریقوں کی جنگ میں ایک فریق کے لیے جنگ منفی نتائج کا سبب ہوتی ہے تو اس کا واضح مطلب یہی ہے کہ دوسرے فریق کے لیے وہ جنگ یقینی طور پر مثبت نتائج کا سبب بن رہی ہے۔ یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ افسر کے اس بیان کی روشنی میں کہی جاتی ہے کہ امریکا جو کچھ افغانستان میں کر رہا ہے ، وہ سب اُس کے لیے الٹے نتیجوں کا ہی سبب بن رہا ہے۔ براہِ کرم ، اس معاملے کی وضاحت فرمائیں ۔ (عبدالباسط عمری ، قطر)

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page