جھوٹی لیڈری
Urdu book, p. 96
By Maulana Wahiduddin Khan
جھوٹی لیڈری صبح اٹھ کر ہر روز جو آوازیں راقم الحروف کے کان میں آتی ہیں ان میں سے ایک آواز اس پھیرنے والے کی ہے جو روزانہ سڑک سے یہ آواز لگاتا ہوا گزرتا ہے: کباری ۔۔۔ ردی والا ، کباری ۔۔ ردی والا جب میں یہ آواز سنتا ہوں تو اکثر میں یہ سوچنے لگتا ہوں کہ یہ شخص بھی کس قدر حقیقت پسند ہے۔ وہ کباری والا ہے تو اپنے کو کباری والا ہی بتاتا ہے۔ وہ چاہے تو اپنی زبان سے ” جوہری “ اور ” سونے چاندی والا “ کی آواز بھی نکال سکتا ہے۔ مگر وہ جانتا ہے کہ وہ کباری ہے، جوہری نہیں ہے۔ اس لئے حقیقت کے بازار میں اس کو صرف کباری کی قیمت ملے گی ، اس کو جوہری کی قیمت نہیں مل سکتی۔ اگر وہ سڑکوں پر جوہری ، جوہری پکارے تو سارا دن گزر جائے گا اور وہ ایک پیسہ کا کاروبار بھی نہ کر سکے گا۔ یہی تمام کاموں کا معاملہ ہے۔ ہر کام میں آدمی اپنی اصل حیثیت کے مطابق قیمت پاتا ہے۔ مگر لیڈری کا کام اس سے مستثنیٰ ہے۔ لیڈری کی دنیا میں یہ ممکن ہے کہ آپ حقیقتاً کباری ہوں اور جوہری کی آواز لگائیں۔ پھر بھی آپ کو ایسے معتقدین مل جائیں جو آپ کو مفکرِ اسلام تصور کریں، جو آپ کو نجات دہندہ قوم کا لقب دیدیں۔ لیڈری کی دنیا میں یہ ممکن ہے کہ آدمی کے اندر ایک معمولی اخبار چلانے کی طاقت نہ ہو اور وہ انسانیت بچاؤ کا جھنڈا بلند کرے۔ وہ ایک مدرسہ کا انتظام درست نہ کر سکتا ہو اور ” سنواے اہل عالم “ کے عنوان پر تقریر کرے۔ ووٹ دینے والے عوام کے اندر اس کا کوئی مقام نہ ہو۔ اس کے باوجود وہ اسلامی حکومت قائم کرنے کا نعرہ لے کر الیکشن کے میدان میں کود پڑے۔ بائبل میں ” جھوٹے نبی “ کا لفظ آتا ہے۔ اس سے مراد اسی قسم کے جھوٹے لیڈر ہیں ۔ ایسے لوگ ممکن ہے کسی قسم کی وقتی شہرت اور مقبولیت حاصل کر لیں ۔ مگر حقیقت کی نظر میں وہ صرف مجرم ہیں۔ کیونکہ اپنی اصل حیثیت کے اعتبار سے وہ کباری تھے مگر انھوں نے اپنے آپ کو جوہری کے روپ میں پیش کیا۔ انھوں نے قوم کو صرف بے راہ کیا اور نعرہ یہ لگایا کہ دہ قوم کو راستہ دکھانے کے لیے اٹھے ہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader