Urdu book · تصویر ملت

تنظیم

Urdu book, p. 243

By Maulana Wahiduddin Khan

تنظیم سوامی وشنو دیوانند ابہندوستان کے مشہور گرو ہیں۔ وہ اپنا مشن ڈیوائن لائف سوسائٹی (Divine Life Society) کے نام سے چلاتے ہیں۔ دنیا کے تقریبا ہر بڑے شہر میں ان کا سنٹر قائم ہے۔ وہ اکثر اپنے ذاتی ہوائی جہاز سے سفر کرتے ہیں۔ اسی لیے ان کو اُڑن سوامی (flying Swami) کہا جاتا ہے۔ ان کے اعلان کے مطابق ، ان کا مقصد دنیا کو امن اور محبت کا پیغام دینا ہے (ٹائمز آف انڈیا ۱۸ جون ۱۹۹۲) ساری دنیا میں ان کے شاگردوں (disciples) کی تعداد ۵۰ ہزار سے زیادہ ہے جن میں بہت سے ممتاز افراد بھی شامل ہیں ، مثلاً جارج ہیرپسن (George Harrison) اور پیٹر سیلرس (Peter Sellars) اور روی شنکر ، وغیرہ۔ ان کی غیر معمولی کامیابی کا راز کیا ہے ، ان کے ایک تعلیم یافتہ شاگرد نے کہا کہ سوامی کی دنیوی کامیابی اس لیے ہے کہ وہ نہایت عمدہ ناظم ہیں : The Swami's worldly success is because he is a very good organiser. (p. 14) یہ ایک حقیقت ہے کہ کامیابی کا بہت زیادہ تعلق نظم یا تنظیم سے ہے۔ خاص طور پر کوئی بڑا کام کبھی تنظیم کے بغیر انجام نہیں دیا جا سکتا۔ تنظیم نہیں تو بڑا کام بھی نہیں۔ تنظیم کیا ہے ؟ تنظیم یہ ہے کہ ہر کام مقررہ اصول کے مطابق کیا جائے ۔ کام سے تعلق رکھنے والے تمام لوگوں پر یہ واضح ہو کہ ان کے حقوق کیا ہیں اور ان کے فرائض کیا۔ ہر آدمی جس کو کوئی کام سونپا جائے وہ پوری طرح قانون اور ضابطہ کے تحت سونپا جائے۔ جو فیصلہ کیا جائے وہ نہ صرف سب کے علم میں ہو بلکہ اس کی معقولیت کو بھی لوگ جانتے ہوں ۔ تمام وابستہ افراد یہ محسوس کریں کہ وہ کام میں شریک ہیں اور وہ اس کے ایک ناگزیر جز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہر آدمی اپنے آپ کو نظام کا پابند سمجھتا ہو۔ نظم دراصل ناظم کا بدل ہے۔ جب ناظم موجود نہ ہو تو لوگوں کو احساس ہونا چاہیے کہ وہ بالواسطہ طور پر مقرر نظم کی صورت میں وہاں موجود ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page