تنظیم
Urdu book, p. 244
By Maulana Wahiduddin Khan
کامیاب تنظیم کی بہترین آئیڈیل مثال شہد کی مکھی کا چھتہ ہے۔ جو شخص کامیاب تنظیم قائم کرنا چاہتا ہو اس کو شہد کی مکھی کے چھتہ کا مطالعہ کرنا چاہیے ۔ شہد کی مکھی انسان کو صرف شہد فراہم نہیں کرتی۔ وہ شہد کا ایک اعلیٰ کارخانہ قائم کرکے انسان کو یہ سبق بھی دیتی ہے کہ اجتماعی منصوبوں کی تنظیم کس طرح کی جانی چاہیے ۔ موجودہ زمانہ میں مینجمنٹ ایک مستقل سبجیکٹ ہے ۔ اس کو ایک مستقل سائنس کے طور پر پڑھایا جاتا ہے۔ ساری دنیا میں مینجمنٹ کی تعلیم اور اس کی تحقیق کے لیے نہایت بڑے بڑے ادارے قائم ہیں ۔ سادہ طور پر کہا جاسکتا ہے کہ کامیاب تنظیم کے لیے ضروری ہے کہ فرد اور اجتماعی ادارہ، شاخ اور مرکز، نیچے کے لوگ اور اوپر کے لوگ ، سب کے درمیان برابر تال میل ہو۔ بلا انقطاع ان کے درمیان ربط جاری رہے ۔ ہر ایک جال کی مانند دوسرے افراد سے جڑا رہے۔ مزید یہ کہ ہر سطح پر نگرانی اور احتساب کا نظام قائم ہو۔ بہتر کارکردگی پر کارکنوں کا اعتراف کیا جائے اور ناقص یا غلط کارکردگی پر فوراً متعلقہ شخص کی گرفت کی جائے ۔ تنظیم اجتماعی کام کی انجینرنگ ہے۔ جتنی اچھی تنظیم اتنا ہی اچھا اجتماعی ادارہ ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader