Urdu book · تصویر ملت

ایک اور امکان

Urdu book, p. 321

By Maulana Wahiduddin Khan

اس کو جان لیں تو ان کے لیے اسلام کو نظر انداز کرنا ممکن نہ رہے۔ یہ دوسری صورت اسلام کے حق میں اجارہ داری کی حد تک موجود ہے۔ انسان کا مطلوب دین اور انسانیت کی حقیقی فلاح اسلام کے سوا کسی اور مذہبی یا غیر مذہبی نظام میں موجود نہیں۔ اسلام آج اپنی خاموش زبان میں دنیا والوں سے کہہ رہا ہے کہ ۔ اگر تم اللہ کی یاد کو اپنے سینہ میں جگہ نہ دو تو تم کو قلب و دماغ کا سکون نہیں مل سکتا۔ اگر تم توحید کے عقیدہ کو نہ مانو تو تم کائنات کی کوئی قابل فہم توجیہہ نہیں کر سکتے۔ اگر تم اسلام کو اختیار نہ کرو تو تم کہیں اور وہ مذہب نہیں پاسکتے جو مسئلہ تاریخی واقعہ کی حیثیت رکھتا ہو۔ اسلام پکار کر کہہ رہا ہے کہ اگر تم اسلام کے تصور انسان پر ایمان نہ لاؤ تو تم کبھی سماج کے اندر برابری کا نظام قائم نہیں کر سکتے۔ اگر تم یوم الحساب کے عقیدہ کا اقرار نہ کرو تو انسانی اصلاح کے لیے تم کوئی دوسری فکری بنیاد وضع نہیں کر سکتے۔ اگر تم اسلامی تاریخ کو تسلیم نہ کرو تو اعلیٰ اخلاقی معیار کے لیے تم حقیقی انسانی نمونے کہیں اور نہیں پاسکتے۔ جاپان کے امکانات کو ایک جاندار قوم نے واقعہ بنایا۔ ایک ایسی قوم جو تمام ناخوش گواریوں پر صبر کرتے ہوئے چالیس سال جد و جہد کر سکتی تھی۔ اسی طرح اسلام کے عظیم تر امکانات کو واقعہ بنانے کے لیے بھی ایک زندہ قوم درکار ہے۔ مگر یہ زندہ قوم آج کہیں موجود نہیں۔ اس لیے اسلام کا امکان بھی جدید دنیا میں ابھی تک واقعہ نہ بن سکا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page