Urdu book · تزکیہ نفس

غلطی کے بعد محاسبہ

Urdu book, p. 15

By Maulana Wahiduddin Khan

ذریعے آدمی کا ذہن بیدار ہوتا ہے، اس کی شخصیت میں ہلچل پیدا ہوتی ہے۔ اس کے اندر اپنی اصلاح کا داعیہ (incentive) جاگتا ہے۔ اس طرح محاسبہ آدمی کو ذہنی اور روحانی ترقی کی طرف لے جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک شخص نے آپ کے بارے میں کوئی ایسی بات کہہ دی جو آپ کو ناگوار ہوئی ۔ آپ کے جذبات بھڑک اٹھے، آپ نے منفی رد عمل کے انداز میں اس کا جواب دیا۔ بعد کو آپ کے اندر ندامت (repentance) پیدا ہوئی۔ آپ نے اپنی روش پر نظر ثانی کی ۔ آپ نے سوچا کہ اس طرح میں اپنے اندر ایک منفی شخصیت بنا رہا ہوں ۔ ایسی منفی شخصیت موت کے بعد کی زندگی میں میرے لیے سخت تباہ کن ثابت ہوگی ، ایسی منفی شخصیت مجھ کو جنت میں داخلے کے لیے نا اہل بنا دے گی ۔ آپ نے سوچا کہ قرآن کے مطابق، جنت والوں کا کلچر امن کلچر ہوگا۔ وہاں ایسے لوگ آباد کئے جائیں گے جو باہمی زندگی میں امن اور محبت کے ساتھ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ ایسی حالت میں اگر میں نے اپنے اندر ایسی شخصیت بنائی جس کے اندر ٹالرنس (tolerance) نہ ہو، جو مشتعل ہو جانے والی ہو، جس کے اندر دوستانہ روش (friendly-behaviour) کی صلاحیت نہ پائی جاتی ہو، ایسا شخص جنت میں داخلے کے لیے نااہل قرار پائے گا، وہ ابدی طور پر مسرت اور کامیابی سے محروم رہے گا۔ یہ سوچ آپ کے لیے ایک تعمیری دھماکہ ثابت ہوگی۔ آپ خود اپنے نگراں بن جائیں گے ۔ آپ کے اندر اپنی اصلاح کا شدید جذ بہ پیدا ہو جائے گا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page